بھمبرمیں جنگلی سور کا گوشت فروخت ہونے کاانکشاف، وائلڈ لائف کا ایکشن

میرپور/بھمبر( آصف اقبال )بھمبرمیں جنگلی سور کا گوشت فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے جس پر محکمہ وائلڈ لائف نے کارروائی کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھمبر میں جنگلی سور کا گوشت فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، گزشتہ دو روز کے دوران محکمہ وائلڈ لائف نے کارروائی کرتے ہوئے جنگل میں لگائے گئے جال اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔

کارروائی کے دوران ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ جنگلی سوروں کو پکڑ کر ان کا گوشت فروخت کیا جا رہا تھا ۔

یہ بھی پڑھیں:ترنول میں اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 25 من گدھے کا گوشت برآمد

محکمہ وائلڈ لائف کی رپورٹ میں یہ معاملہ نہایت خطرناک اور تشویشناک قرار دیا گیا ہے۔

شہری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے یہ معلوم کیا جائے کہ جنگلی سوروں کا گوشت کہاں اور کن مقامات پر فروخت کیا جا رہا ہے۔

قبل ازیں اسلام آباد کے علاقے ترنول سے گدھے کا گوشت برآمد ہوا تھا جس پر کھلبلی مچ گئی تھی۔آزادکشمیر میں اس سے قبل ناقص گوشت برآمد کیا جاتا رہا ہے لیکن سور کے گوشت کے حوالے سے انکشاف پہلی بار آیا ہے جسے تشویشناک قرار دیا گیا ہے۔