مظفرآباد: آزادکشمیر کے نوجوان سیاسی،وکلا وطلباء رہنمائوں نے کہا ہے کہ ’’ کشمیر ڈیجیٹل‘‘ آزادکشمیر کی میڈیا انڈسٹری میں انقلاب لائے گا،صحافیوں سمیت تمام مکاتب فکر کو اپنا پیغام دنیا تک پہنچانے کیلئے اب بہترین پلیٹ فارم میسر ہوگا
مظفر آباد میں کشمیر ڈیجیٹل کی لانچنگ تقریب کے موقع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مسلم کانفرنس کے رہنما سجاد انور عباسی نے کہا کہ میں کشمیر ڈیجیٹل کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کشمیر ڈیجیٹل آزادکشمیر کے میڈیا میں بہترین اضافہ ہے جو لوگوں کے مسائل اجاگر کریگا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر ڈیجیٹل اتنا بڑا نیٹ ورک ہے جس سے یہ امید کی جا سکتی ہے یہ ادارہ تحریک آزادی کشمیر سے لے کر عام آدمی کے مسائل اجاگر کرنے میں بھرپورکردار ادا کریگا۔
یہ بھی پڑھیں:ترقی کرنا ہر قوم کی بنیادی ضرورت ہے: سی ای او کشمیر ڈیجیٹل مصور عباسی
اسٹوڈنٹس مومنٹ کے کور ممبر احمد مقبول مغل نے کہا کہ امید ہے کہ کشمیر ڈیجیٹل طلبہ کےمسائل حکام تک پہنچانے کیلئے کردار ادا کریگا ، اب آزادکشمیر میں بھی ٹاک شوز ہوں گے اور سیاسی رہنمائوں سمیت طلبہ اپنے مسائل پر کھل کر بات کر سکیں گے۔
پی ٹی آئی کی رہنما ونوجوان وکیل شازیہ کیانی ایڈووکیٹ نے کہا کہ کشمیر ڈیجیٹل کا لوگو گرین ہے ،ہمیں امید ہے کہ یہ چینل آزادکشمیر کو گرین بنانے میں کردار ادا کریگا۔آزادکشمیر کے صحافیوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ، کشمیر ڈیجیٹل کی صورت میں صحافیوں اور سیاسی رہنمائوں سمیت عوام کو آواز اٹھانے کیلئے بہترین پلیٹ فارم ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر ڈیجیٹل آزادکشمیر میں انقلاب لائے گا، ایک ایسے ادارے کی آزادکشمیر کو بہت ضرورت تھی ، ہم کشمیر ڈیجیٹل کے سی ای او مصور عباسی سمیت تمام ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔