قاہرہ: غزہ کی صورتحال پر مصر کی میزبانی میں 27 فروری کو ہنگامی عرب سربراہی اجلاس منعقد ہوگا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مصر کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’ہنگامی عرب اجلاس‘ اس لیے منعقد کیا جا رہا ہے کیونکہ مصر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فلسطینیوں کو غزہ سے بے دخل کر کے مصر اور اردون منتقل کرنے کے بعد پٹی پر کنٹرول کرنے کے منصوبے کے خلاف علاقائی حمایت حاصل کرنا چاہتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اجلاس حالیہ دنوں میں مصر کی فلسطین سمیت عرب ممالک کے ساتھ بات چیت کے بعد بلایا جا رہا ہے تاکہ فلسطین کے معاملے پر والی سنجیدہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
دوسری جانب غزہ سے فلسطینیوں کی اردن اور مصر میں جبری بے دخلی کے حوالے سے امریکی صدر ٹرمپ کے بیانات کے بعد مصری وزیر خارجہ بدر عبد العاطی امریکا روانہ ہوگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ کا غزہ پر قبضہ کرنے کا اعلان، ایران کو بھی دھمکی
اپنے دورے میں مصری وزیر خارجہ امریکی انتظامیہ اور اراکین سینیٹ سے ملاقاتیں کریں گے۔
مصری وزارت خارجہ کے مطابق دورے کا مقصد دونوں ممالک کے مابین تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت کو مزید فروغ دینا ہے جبکہ دورے کے دوران علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں صدر ٹرمپ نے غزہ پر امریکا کی جانب سے قبضہ کرنے کا اعلان کیا تھا،ٹرمپ کے اعلان پر اقوام متحدہ اور دنیا کے کئی ممالک نے غزہ سے فلسطینیوں کی بےدخلی کی مخالفت کی تھی اور دو ریاستی حل پر زور دیا تھا۔