آزاد کشمیر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 26-2025 کا عمل مکمل ہوگیا، جس کے مطابق سینئر قانون دان راجا آفتاب ایڈووکیٹ 241 ووٹ لے کر صدر منتخب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے الیکشن میں صدارتی امیدوار راجا آفتاب خان ایڈووکیٹ نے 241 ووٹ لے کر میدان مار لیا جبکہ مد مقابل امیدوارہ بلقیس رشید منہاس ایڈووکیٹ 177 ووٹ حاصل کر سکیں۔
دیگر عہدیداروں میں جوائنٹ سیکرٹری کے لیے نوشابہ اقبال ایڈووکیٹ، سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ شریں ایڈووکیٹ، سیکرٹری لائبریری کے عہدہ کے لیے ثمر عالم ایڈووکیٹ بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ الیکشن بورڈ نے جملہ منتخب عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔
نو منتخب صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن راجا آفتاب خان ایڈووکیٹ نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ دربار سہیلی سرکار پر ریلی کی صورت میں حاضری دی اور چادر بھی چڑھائی۔
انہوں نے کہاکہ وہ وکلا برادری کی فلاح و بہبود اور ریاست میں قانون کی بالادستی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
یاد رہے کہ راجا آفتاب ایڈووکیٹ کا تعلق مظفرآباد حلقہ پانچ کھاوڑہ کے نواحی علاقے کوٹ سے ہے، اور وہ ایک سے زیادہ بار سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔




