مسلم کانفرنس کا اجلاس، عوامی ایکشن کمیٹی احتجاج کے دوران شہادتوں پرجوڈیشل انکوائری کا مطالبہ

دھیرکوٹ(کشمیر ڈیجیٹل)آل جموںوکشمیرمسلم کانفرنس غربی باغ کاایک مشاورتی اجلاس مسلم کانفرنس کے سینئرعہدیداروں ،میجر(ر)نصراللہ خان کی زیرصدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں مسلم کانفرنس کے سینئرعہدیداران عرفان عباسی،راجہ منیرخان اوردیگرسینئرعہدیداران و ممبران مجلس عاملہ نے شرکت کی ۔

اجلاس میں مشترکہ اعلامیہ جاری کئے گئے اعلامہ کے مطابق آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کا یہ اجلاس گزشتہ دنوں عوامی احتجاج کے دوران اور قبل ازیں غیر ملکی، قومی، علاقائی، سوشل میڈیا کے مختلف چینلز/میڈیا ہاؤسز کو دئے گئے انٹرویوز اور مختلف ٹاک شوز کے دوران آزاد کشمیر کے عوام کی درست رہنمائی اور تحریک آزادی کشمیر کے تناظر میں قومی امنگوں کے عین مطابق بیانیے اور درست موقف پر قائد و صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی فہم وفراست اور تدبر اور دور اندیشی پر انھیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

یہ اجلاس عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج اور لاک ڈاؤن کے دوران آزاد کشمیر پولیس فورس کے جوانوں کی شہادت اور ان کے ساتھ انسانیت سوز سلوک اور سویلین کی شہادت پر صدر مسلم کانفرنس کی جانب سے جوڈیشل انکوائری کے مطالبے کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

یہ اجلاس وفاقی و آزاد کشمیر پولیس کے جوانوں اور سرکاری افسران کو بے رحمی سے زخمی کرنے، ان کی نقدی، اور دیگر قیمتی اشیاء سمیت کوہالہ پولیس چوکی اور دیگر مقامات سے بھاری تعداد میں سرکاری اسلحہ اور دیگر اشیاء کی چوری پر ابھی تک کسی بھی قسم کی کاروائی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فلفور مرتکب افراد کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کرتا ہے۔

یہ اجلاس عوامی مطالبات کی آڑ میں ایک سوچی سمجھی منظم سازش کے تحت کشمیریوں کے ہیروز اور آزادی دلوانے والے قومی قائدین کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی میں شامل ایک گروہ کی طرف سے ہرزہ سرائی کرنے پر بھرپور مذمت کرتا ہے۔

یہ اجلاس تحرک آزادی کشمیر کے لئے اپنے گھر بار چھوڑ کر پاکستان اور آزاد کشمیر آنے والے مہاجر بھائیوں کے خلاف منظم مہم کو دراصل تحریک آزادی کشمیر کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں اس کی مذمت کرتا ہے۔

یہ اجلاس عوامی تحریک میں شامل ایک گروہ کی طرف سے کشمیریوں کی محافظ پاکستانی فوج اور ان کے پشتی بان ملک مملکت خداداد پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قاتل،غاصب ہندوستانی فوج کو نہ صرف ایک ہی لاٹھی سے ہانکنے بلکہ پاکستان اور افواج پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر ان عناصر کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے ذمہدار اداروں سے ان کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کرتا ہے۔

یہ اجلاس کچھ شرپسندوں کی طرف سے مظفرآباد اور غربی باغ سے تعلق رکھنے والے مسلم کانفرنس کے ذمہ داران اور کارکنوں کے خلاف بے جا،من گھڑت اور لغو الزامات عائد کرنے پر بھرپور مذمت کرتا ہے

یہ اجلاس حکومت پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کشمیر کی حساسیت کے پیش نظر ہائی پروفائل کمیٹی کی تشکیل دیکر عوام کے جائز مطالبات اور خطیر رقم کی اصولی منظوری پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہے۔

یہ اجلاس دوران پروٹٹسٹ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے مابین صدیوں سے قائم مذھبی، جغرافیائی،نظریاتی، باہم بھائی چارے پر مبنی تعلق میں خلیج حائل کرنے کی انتشار یوں کی کوششوں کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

آخر میں یہ اجلاس دو قومی نظریے کی بنیاد پر اسلامیان کشمیر کی ترجمان مسلم کانفرنس اور قومی پارلیمان کے پلیٹ فارم سے 19 جولائی 1947 کی منظور کردہ قرارداد الحاق پاکستان اور ازاں بعد قائد کشمیر جناب مجاہد اول سردار محمد عبد القیوم خان کے دیئے گئے نعرے” کشمیر بنے پاکستان ”کے نعرے پر ثابت قدمی سے کھڑے رہنے اور اس کی پاسداری پر مسلم کانفرنس کے کارکنوں اور حامیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

یہ اجلاس بعض عناصر کی جانب سے آزاد کشمیر کو پاکستانی مقبوضہ کشمیر کہ کر کشمیر پر ہندوستانی بے جا قبضے کو یکساں اور برابر کرنے کی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

آزاد کشمیر کا یہ علاقہ مجاہد اول اور انکے ساتھیوں کی قیادت میں اسلام اور پاکستان کے ساتھ محبت کی بنیاد پرآزاد کروایا گیا اور اس خطے کے لوگ رضاکارانہ طور پر اہل پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور پاکستان کو اپنی محفوظ ترین پناہ گاہ سمجھتے ہیں۔

اجلاس کی رائے میں مسلم کانفرنس اپنی قیادت اور کارکنان کے خلاف سوشل میڈیا پر ہونے والی غیر شائستہ، غیرمہذب، اخلاق باختہ اور دھمکی آمیز گفتگو، بیانات اور تقاریر پر قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر:سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے جیولرانڈسٹری شدید متاثر،تاجر پریشان

Scroll to Top