کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی کمیٹی کا اہم اجلاس محترمہ فریال تالپور کی زیر صدارت زرداری ہاؤس کراچی میں ہوا۔
اجلاس میں تمام ارکانِ پارلیمانی کمیٹی نے شرکت کی جبکہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور سینئر رہنما قمر زمان کائرہ خصوصی دعوت پر شریک ہوئے۔
اجلاس کے آغاز میں ملک میں جاری دہشت گردی، فتنہ تکفیریت و خوارج، اور بھارت نوازی کے خلاف پاک افواج کی کامیاب جدوجہد کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور اس فتنہ کو قومی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومتی وفد کی صدر سے ملاقات میں بڑی پیشرفت، ن لیگ اور پیپلزپارٹی بیان بازی روکنے پر متفق
اجلاس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور آزاد کشمیر کی قیادت پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی سلامتی و استحکام کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
اجلاس میں راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ نے عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان ہونے والے حالیہ مذاکرات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ارکانِ اجلاس نے اس بریفنگ کا بغور جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ طے پانے والے معاہدے پر جلد اور مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
اجلاس نے آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تحریک کے دوران ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر کہا گیا کہ سیاسی معاملات کا حل ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ جمہوریت، سیاسی استحکام اور عوامی مفاد کے تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا گیا کہ وہ اپنی آئینی اور سیاسی ذمہ داریاں ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی آزادکشمیر پارلیمانی پارٹی و کورکمیٹی کا اہم اجلاس، مذاکرات کی کامیابی خوش آئند قرار
آخر میں اجلاس نے موجودہ صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کے بعد پارٹی قیادت کو مکمل اختیار دیا کہ وہ موجودہ حالات کے تناظر میں جو بھی فیصلہ کرے، پارٹی اس کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
اجلاس میں پی پی آزاد و جموں کشمیر کے ممبران چوہدری محمد یاسین، سردار محمد یعقوب، سردار تنویر الیاس، چوہدری لطیف اکبر، فیصل ممتاز راٹھور ، چوہدری قاسم مجید، سردار جاوید ایوب، میاں عبدالوحید ،جاوید اقبال بڈھانوی، عامر غفار لُون، بازل نقوی، چوہدری رفیق نیئر، عامر یاسین، نبیلہ ایوب، جاوید بٹ اور احمد صغیر شریک ہوئے۔ اجلاس میں سینئر رہنما چوہدری محمد ریاض بھی موجود تھے۔




