قلات میں 4 مزدور اغوا،آزادکشمیر کے شہری بھی شامل ہونیکا انکشاف

قلات، بلوچستان کے ضلع قلات میں نامعلوم مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کے 4مزدوروں کو اغوا کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قلات سے 30 کلومیٹر دور بینچہ پنگو کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ کراچی شاہراہ کی ناکہ بندی کرکے مزدوروں کو اغوا کیا۔

لیویز کے مطابق 10سے زائد موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے کیمپ سے چار مزدوروں کو اغوا کیا جن کا تعلق آزادکشمیر اور خیبر پشتونخوا کے ضلع مانسہرہ سے بتایا جا رہا ہے۔

مذکورہ تعمیراتی کمپنی کوئٹہ کراچی شاہراہ کے توسیعی منصوبے پر کام کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: روزگار چھینا جا رہا ہے، مزدور گدھے لے کر ڈی سی آفس کے باہر پہنچ گئے

یاد رہے کہ قلات میں اس سے پہلے بھی تعمیراتی کمپنیوں کے مزدوروں کے اغوا کے واقعات پیش آچکے ہیں۔

گزشتہ سال اکتوبر میں قلات کے علاقے منگچر سے متعدد افراد کو اغوا کرلیا گیا تھا جن میں سے آزادکشمیر کے حلقہ کھاوڑہ سے تعلق رکھنے والے مزدور قیصر کو قتل کردیا گیا تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں جو مزدور قتل کیا گیا تھاوہ پی پی رہنما مختار عباسی کی کمپنی کا ملازم تھا لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ جو مزدور اب اغواکئےگئے ہیں وہ کس کمپنی کے ملازم ہیں اور آزادکشمیر میں ان کا تعلق کہاں سے ہے۔

اس سے قبل منگل اور بدھ کی درمیانی شب ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں نامعلوم مسلح افراد نے کوئلہ ڈپو پر کام کرنے والے تین مقامی مزدوروں کو اغوا کرلیا تھا۔

مچھ پولیس کے مطابق ’اغوا کاروں نے جاتے ہوئے ایک پرچی بھی چھوڑی تھی جس پر کالعدم تنظیم کی جانب سے دو کوئلہ کمپنیوں کو کام بند نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی تھی۔

Scroll to Top