ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے معروف گلوکار مسٹر فردین، جو جنوبی ایشیا کے مقبول ترین موسیقی کے فنکاروں میں شمار کیے جاتے ہیں، نے اعلان کیا ہے کہ وہ 27 اکتوبر 2025 کو کشمیر کے یومِ سیاہ کے موقع پر ایک نیا نغمہ ریلیز کریں گے۔
یہ گانا کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور پرامن احتجاج کی علامت کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں فردین نے کہاکہ کشمیر زمین پر جنت ہے، مگر اس جنت پر جبراً قبضہ کیا گیا ہے۔ میرے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے دکھ نے مجھے اس نغمے کی تخلیق پر آمادہ کیا۔
ہو سکتا ہے میں جنگ میں نہ جا سکوں، مگر میں اپنی موسیقی کے ذریعے احتجاج کی صف میں کھڑا ہو سکتا ہوں۔
ذرائع کے مطابق یہ گانا بیک وقت پاکستان کے مختلف ٹیلی ویژن چینلز اور بیرونِ ملک پاکستانی سفارتخانوں میں ریلیز کیا جائے گا، جس کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کو ایک اور جھٹکا،بنگلہ دیش چین سے20جے 10سی طیارے خریدے گا
یہ پروجیکٹ ثقافتی سفارت کاری اور موسیقی کے ذریعے انسانی حقوق کی وکالت میں فردین کے بڑھتے ہوئے کردار کا تسلسل ہے۔مسٹر فردین پہلے ہی بنگلہ دیش اور پاکستان میں ایک وسیع مداح طبقہ رکھتے ہیں۔
شائقین انہیں پیار سے “بنگلر بھائیجان” (بنگال کا بھائی) کے لقب سے یاد کرتے ہیں۔ ان کے پچھلے کاموں نے انہیں عالمی سطح پر پذیرائی دلائی ہے اور انہیں ساتھ ایشین آئیکن اور ڈپلومیٹک کلچرل ایمبیسیڈر جیسے اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔
اگرچہ وہ بنیادی طور پر بنگلہ موسیقی کے لیے مشہور ہیں، لیکن حالیہ برسوں میں انہوں نے اردو نغموں پر توجہ دے کر خطے کے ثقافتی روابط کو مزید مضبوط کیا ہے۔
نیا گانا کشمیر کے یومِ سیاہ کی یاد میں پیش کیا جا رہا ہے وہ دن جب 1947 میں وادی کشمیر پر بھارتی قبضے کی شروعات ہوئی تھی۔
اس ریلیز کا مقصد نہ صرف اس تاریخی دن کو یاد رکھنا ہے بلکہ کشمیری عوام کی جاری جدوجہد اور انسانی حقوق کی صورتحال پر عالمی توجہ مبذول کرانا بھی ہے۔فردین کا مکمل ٹریک اور میوزک ویڈیو 27 اکتوبر 2025 کو باضابطہ طور پر ریلیز کیا جائے گا۔




