اسلام آباد : وفاقی حکومت نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں 3G اور 4G موبائل انٹرنیٹ سروس آج رات سے اگلے احکامات تک معطل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزارت داخلہ اور نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے جاری کردہ ایک باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق معطلی کی منظوری مجاز اتھارٹی نے دی تھی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو کمشنر اور انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) آفس، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) کے ساتھ ساتھ کمشنر اور ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی کے ساتھ مل کر اس فیصلے پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تمام متعلقہ حکام بشمول پی ٹی اے، اسلام آباد اور راولپنڈی کے چیف کمشنرز اور متعلقہ پولیس حکام کو حکم کی تعمیل کو یقینی بنانا ہوگا۔
موبائل انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کی کوئی خاص وجہ نہیں بتائی گئی ہے لیکن مذہبی جماعت تحریک لبیک کی جانب سے آج مارچ کا اعلان کیا گیا ہے جس پرفیض آباد انٹری پوائنٹ بند کرنے کا پلان بنایا گیا ہے جبکہ میٹرو بس سروس بھی آج معطل رہے گی۔




