اسلام آباد:وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ سہیل آفریدی کے وزیراعلیٰ پختونخوا بننے کی راہ میں قانونی رکاوٹ ہے۔
بدھ کوسیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے علی امین گنڈا پور کو خیبر پختونخوا کی وزارت اعلیٰ سے ہٹائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا کہ سہیل آفریدی کو صوبے کا نیا وزیر اعلیٰ نامزد کیا گیا ہے۔
سہیل آفریدی موجودہ حکومت میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کیمونیکیشن اینڈ ورکس رہے جبکہ صوبائی کابینہ میں تبدیلی کے بعد سہیل آفریدی کو وزیر برائے ہائر ایجوکیشن بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپوروزیراعلیٰ کے عہدے سےفارغ، سہیل آفریدی نامزد،سلیمان اکرم راجہ کی تصدیق
وزیر اعلیٰ پختونخوا کیلئے نامزد کیے جانے کے بعد وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ سہیل آفریدی کے وزیراعلیٰ بننے کی راہ میں قانونی رکاوٹ ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کو این سی سی آئی اے نے نوٹس دیا ہوا ہے جو ان کی اسمبلی میں تقریر کو سوشل میڈیا میں تشہیر کرنے کی وجہ سے دیا گیا۔
تاہم تحریک انصاف کے رہنما علی ظفر نے یہ دعوی رَد کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں تقریر کی تشہیر پر سہیل آفریدی کے خلاف قانونی کارروائی نہیں ہوسکتی ، وہ وزیراعلیٰ بن سکتے ہیں۔




