لندن: چوری شدہ موبائل فونز کی اسمگلنگ میں ملوث گینگ کے خلاف برطانیہ کی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن کیا گیا جس میں 18 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے برطانیہ سے چوری شدہ موبائل فون چین اسمگل کرنے والا انٹرنیشنل گینگ پکڑ لیا۔ اس انٹرنیشنل گینگ پر گزشتہ برس 40 ہزار فون چین اسمگل کرنے کا شبہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق پولیس نے 28 مقامات پر چھاپے مار کر 2 ہزار سے زائد چوری شدہ موبائل فون برآمد کرلیے۔
پولیس کا خیال ہےکہ گینگ لندن سے چوری ہونے والے نصف سے زائد فون چین بھیجنے کا ذمہ دار ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں آئی فون17ماہانہ قسطوں پر پیش کردیا گیا
تحقیقات اس وقت شروع ہوئیں جب ایک شخص نے کرسمس کے موقع پر اپنا چوری شدہ آئی فون ہیتھرو ائیرپورٹ کے قریب ایک گودام میں ٹریس کیا۔ پولیس نےچھاپہ مارا توموبائل ایسے ڈبے سے ملا جس میں مزید 894 چوری شدہ فون موجود تھے۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ یہ فون ہانگ کانگ بھیجے جا رہے تھے جس کے بعد مزید شپمنٹس کو روکا گیا اور فرانزک شواہد کی مدد سے کچھ افراد کی نشاندہی کی گئی۔
پولیس نے کارروائی کے دوران 2 افغان اور ایک بھارتی شہری کو بھی گرفتار کیا جن کی گاڑی اور گھروں سے 2 ہزار سے زائد موبائل فونز برآمد ہوئے۔




