بٹ کوائن نے نئی تاریخ رقم کردی، قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی قدر تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 25 ہزار امریکی ڈالر سے تجاوز کرگئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قدر اس کی 17 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 25 ہزار 245 ڈالر ہوگئی جو کہ تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

پاکستانی روپے میں یہ رقم 3 کروڑ 52 لاکھ 31 ہزار 578 روپے بنتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال، پی ایس ایکس نے نئی تاریخ رقم کر دی

رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز بٹ کوائن کی قدر میں 2 اعشاریہ 7 فیصد کا اضافہ ہوا۔ بٹ کوائن کی قیمت میں مسلسل آٹھویں سیشن میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جسے امریکی اسٹاک مارکیٹ میں حالیہ اضافے اور بٹ کوائن پر مبنی ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز میں سرمایہ کاری کے بڑھتے رجحان نے سہارا دیا ہے۔

حالیہ برسوں میں بٹ کوائن کی قدر میں کئی بار تیزی سے اضافہ اور پھر اچانک کمی کو دیکھا گیا ہے۔ رواں سال اب تک بٹ کوائن کی قدر میں 30 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہےکہ بٹ کوائن ایک کرپٹو کرنسی ہے جسے آپ ڈیجیٹل کرنسی بھی کہہ سکتے ہیں مگر یہ دنیا بھر میں استعمال ہونے والی کرنسیوں سے مختلف ہےکیونکہ اسے کنٹرول کرنے کے لیے کوئی مستند مالی ادارہ نہیں ہے۔

Scroll to Top