پنجاب میں کشمیریوں کی اضافی اسکریننگ کی افواہیں بے بنیاد قرار

لاہور: پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ صوبے میں آزاد کشمیر کے شہریوں کی اضافی اسکریننگ کی افواہیں بے بنیاد ہیں ،سوشل میڈیا پر گردش آڈیو جھوٹ اور شرپسندی پر مبنی ہے ،پنجاب پولیس نے کسی خصوصی ہدایت کا اجرا نہیں کیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق معمول کے ناکے تمام شہریوں کے لیے یکساں ہیں ،پنجاب پولیس امتیاز نہیں، قانون کی برابری پر یقین رکھتی ہے،آزاد کشمیر کے شہریوں کیخلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں ہو رہی ہے۔

جعلی آڈیو اور افواہوں کا مقصد عوام میں انتشار پھیلانا ہے،شہری مصدقہ معلومات کیلئے صرف آفیشل ذرائع پر اعتماد کریں ،کسی شکایت یا مسئلے کی صورت میں فوراً 15 پر کال کریں،افواہیں پھیلانے والوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں سے متعلق وائرل آڈیو پر اسلام آباد پولیس کا ردعمل آگیا

ترجمان کا کہنا ہے کہ افواہیں عوامی اعتماد کو نقصان پہنچاتی ہیں،صوبے میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر معمول پر ہے،پولیس کی کارروائیاں قانون کے مطابق اور سب کیلئے یکساں ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے بھی وضاحت جاری کی تھی کہ کشمیریوں کیساتھ نارواسلوک کی کوئی ہدایت نہیں دی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسی آڈیوز چلائی جا رہی ہیں کہ جن میں کہاجا رہا ہے کہ 29ستمبر کے ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے بعد کشمیریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی اب پنجاب پولیس نے بھی تردید کردی ہے۔

Scroll to Top