خواجہ آصف کا بھارت کے اشتعال انگیز بیانات پر سخت ردعمل

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارت کی اعلیٰ سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیز بیانات کے جواب میں کہا ہے کہ اس دفعہ بھارت انشاء اللہ اپنے طیاروں کے ملبے میں دفن ہوگا ۔

خواجہ آصف نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی فوجی اور سیاسی قیادت کے بیانات اپنی خراب ساکھ کو بحال کرنے کی ناکام کوشش ہیں ۔ انہوں نے گزشتہ فیصلہ کن شکست کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس کا اسکور 0-6 رہا، اگر دوبارہ کوئی جارحانہ کوشش کی گئی تو اس مرتبہ اسکور پہلے سے بھی زیادہ نقصان دہ ہوگا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف آج ملائیشیا کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہونگے

وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت میں عوامی رائے ماضی کی تاریخی شکست کے بعد حکومت کے خلاف ہوگئی اور وزیر اعظم نریندرمودی اور ان کی قیادت کی ساکھ متاثر ہوئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صورت حال بھارتی قیادت کے بیانات میں بھی نظر آتی ہے ۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اللہ کے نام پر بنی ہوئی ریاست ہے ، ہمارے محافظ اللہ کے سپاہی ہیں  اور اس دفعہ بھارت ان شاء اللہ اپنے طیاروں کے ملبے میں دفن ہوگا ۔ ’’اللہ اکبر‘‘ ۔

قبل ازیں  پاک فوج کے ترجمان نے بھی بھارتی سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے اشتعال انگیز بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ جارحانہ اور غیر ذمہ دارانہ بیانات تشویش کا باعث ہیں اور یہ خطے میں امن کے لیے خطرہ پیدا کرسکتے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:تین نسلوں کی جدوجہد وقربانیوں کی داستان پر غور کریں،خواجہ آصف کا آزادکشمیر میں احتجاج پر ردعمل

دوسری جانب سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بھارتی دھمکیاں محض گیدڑ بھپکیاں ہیں اور مسلح افواج اپنے ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں ۔

Scroll to Top