شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف آج ملائیشیا کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہونگے

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف آج ملائیشیا کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے اور معاہدوں پر دستخط کریں گے ۔

دفتر خارجہ کے مطابق ان کا یہ دورہ 5 سے 7 اکتوبر تک جاری رہے گا اور شہباز شریف کا دورہ ملائیشیا انور ابراہیم کی خصوصی دعوت پر ہو رہا ہے ۔ ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام بھی شریک ہوں گے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میں وزیراعظم شہباز شریف کا شکر گزار ہوں جنھوں نے انتہائی معزز ہستیوں کا ایک وفد کشمیر بھیجا، وزیراعظم انوار الحق

دورے کے دوران دونوں وزرائے اعظم کے درمیان باضابطہ مذاکرات ہوں گے جن میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، حلال انڈسٹری ، تعلیم، توانائی اور ڈیجیٹل معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوگی ۔

اس موقع پر اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ وزیراعظم شہباز شریف اور انور ابراہیم مشترکہ طور پر معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شریک ہوں گے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف عوامی ایکشن کمیٹی آزاد کشمیر سے ملاقات کریں گے،وفاقی وزیر

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ پرائم منسٹر کایہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے اور عوامی روابط کو نئی جہت دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا ۔

Scroll to Top