کچھ لوگ امید لگائے بیٹھے تھے معاملے کو بگاڑا جائے، تمام منصوبے ناکام ہوگئے،حکومتی وفد

مظفر آباد: جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی آزادکشمیر سے معاہدہ طے پا جانے کے بعد وزیراعظم کے مشیر اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا اور عوامی ایکشن کمیٹی کے جائز مطالبات منظور کرلئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فریقین کےدرمیان معاملات طے کرنےکےلیے لیگل ایکشن کمیٹی قائم کی گئی ہے، لیگل ایکشن کمیٹی ہر 15 دن بعد بیٹھے گی۔

پیپلزپارٹی کے سنیئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ کچھ لوگ امید لگائے بیٹھے تھے کہ معاملے کو بگاڑا جائے لیکن ان کے تمام تر منصوبے ناکام ہوئے۔

راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ کشمیر میں امن قائم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور اب کسی کو سڑکوں پر آنے کی ضرورت نہیں ہے، کوئی مسئلہ یا شکایت ہو تو وہ کمیٹی کے سامنے پیش کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ایکشن کمیٹی سے معاہدہ ، عملدرآمد کیلئے امیر مقام کی سربراہی میں کمیٹی قائم

وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ معاملات طے پا گئے ، میں ایکشن کمیٹی اور یہاں آنے والے تمام ارکان مشکور ہوں جنہوں نے کوشش کی کہ معاملات افہام وتفہیم سے حل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جانی نقصانات پر ہم سب کو دکھ ہے،میں ایکشن کمیٹی کو یقین دلاتا ہوں کہ ہمارا مقصد بھی کشمیریوں کی بھلائی کیلئے کام کرنا ہے،کمیٹی تمام مسائل حل کرنے میں کردار ادا کریگی، جہاں ضرورت ہوگی وہاں ہم قیادت سے رہنمائی بھی لیں گے۔

Scroll to Top