آزادکشمیر میں احتجاج پر بھارتی پروپیگنڈا مسترد،بھارت کشمیریوں کا حق خودارادیت تسلیم کرے، دفتر خارجہ

اسلام آباد:آزادکشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج پر بھارت کی طرف سے کئے گئے پروپیگنڈے پر دفتر خارجہ کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔

دفترخارجہ سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آزادکشمیر کے عوام اپنے شہری و سیاسی حقوق آزادانہ طور پر استعمال کرتے ہیں اور جمہوری مستقبل کی تشکیل میں بھرپور حصہ لیتے ہیں۔

پاکستان کشمیریوں کی عزت و وقار کے تحفظ، پرامن احتجاج کے حق، ان کے جذبات کے احترام اور سماجی و معاشی ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

یہ عزم نہ صرف پاکستان کی آئینی ذمہ داری ہے بلکہ اہلِ کشمیر کے ساتھ ہمارا دیرینہ اخلاقی فریضہ بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی آرمی چیف کی پاکستان کا جغرافیہ بدلنے کی بزدلانہ دھمکی

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس کے برعکس مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی تسلط کے تحت سنگین مظالم کا سامنا کر رہے ہیں جہاں طاقت کا وحشیانہ استعمال، بنیادی آزادیوں سے محرومی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بھارتی ریاستی دہشتگردی کی علامت بن چکی ہیں۔

اختلاف رائے کو دبانے، آبادیاتی انجینئرنگ اور شہری آزادیوں کے انکار نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو آزاد کشمیر پر بے جا الزام تراشی کرنے کے بجائے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تقاضوں کا سامنا کرنا ہوگا۔

بھارت کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقوق، بالخصوص ان کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کرے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں واضح طور پر درج ہے۔

پاکستان کا موقف ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کا راستہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی وابستہ ہے۔

Scroll to Top