اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں جو اسوقت حضرات احتجاج کر رہے ہیں اس کے فوائد یانقصان ،درست یا غلط کی بحث میں جائے بغیر صرف ان سے درخواست ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی 3نسلوں کی جدوجہد اور قربانیوں کی داستان پہ غور کریں۔
وزیر دفاع کا ایک ٹویٹ میں کہنا تھا کہ جو آپ کو میسرہے اس کا عشر عشیر کا بھی وہ تصور نہیں کر سکتے۔ وہ آزادی کی تاریخ اپنے خون سے لکھ رہے ہیں،ایک نسل جیلوں میں جوانی سے بڑھاپے میں پہنچ گئی ۔ پھانسی چڑھ گئے سینے پہ گولیاں کھائیں۔ پاکستان سے محبت کی ھر روز قیمت ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فوج نے جو جنگیں کشمیر کی آزادی کے لئے لڑیں اس میں جانیں قربان کرنے والے پنجابی ، پختون ، بلوچ ، سندھی ، گلگتی اور بلتی سب شامل تھے۔ پاکستان نے اپنا وجود کشمیر کی آزادی کے لئے داؤ پہ لگایا ہے اور لگائیں گے۔ یہ ھمارے ایمان کا جز ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایکشن کمیٹی کے پرتشددمظاہروں میں6سویلیں،3پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے، حکومت
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ میرے انتخابی حلقے سیالکوٹ میں کشمیری مہاجرین کی کثیر تعداد ہے ۔ اکتوبر 1947میں جموں سیالکوٹ کا بارڈر سے کراس کرتے ایک لاکھ کشمیری مسلمان شہید ہوئے۔
ہزاروں عورتوں کی عصمت لٹی ،ہزاروں اغواہو گئیں۔ ہزاروں نے عصمت بچانے کے لئے اپنے آپ کو چناب کی لہروں کے سپرد کردیا۔ بجوات ،حاجی پورہ اور پکا گڑھا کیمپ میں کے ھر گھر میں پاکستان کے ساتھ محبت کی قیمت جانوں سے چکانے والے رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حامد میر سے پوچھیں اسکے خاندان پہ خون کی لکیر عبور کرتے کیا گزری اسکے بزرگوں نےکیا قیمت ادا کی۔ یہ سیالکوٹ کے گھر گھر کی کہانی ہے۔




