سوزوکی موٹرز نے پاکستان میں آلٹو کار کے خریداروں کے لیے ایک نیا اور پرکشش منصوبہ متعارف کروا دیا ہے، جس کے تحت صارفین اپنی پرانی گاڑی ایکسچینج کرکے محض 18 ہزار 999 روپے ماہانہ ادائیگی کے ساتھ نئی آلٹو حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ اسکیم سوزوکی اور ایچ بی ایل کے اشتراک سے شروع کی گئی ہے، جس میں فنانسنگ پر 10 فیصد مارک اپ مقرر کیا گیا ہے۔ منصوبے کے مطابق صارف کی پرانی گاڑی کی مالیت 21 لاکھ روپے یا اس سے کم ہو تو خریدار کو 18 ہزار 999 روپے ماہانہ قسط دینا ہوگی، جب کہ باقی رقم ایچ بی ایل کے ذریعے 10 فیصد شرحِ سود پر فنانس کی جائے گی۔
تاہم اگر پرانی گاڑی کی قیمت 21 لاکھ روپے سے زیادہ ہو تو اضافی رقم نئی آلٹو کی فنانسنگ میں کمی کر دے گی، جس سے قسطوں میں مزید کمی ممکن ہوگی۔ مثال کے طور پر اگر کسی صارف کی پرانی گاڑی 25 لاکھ روپے کی ویلیو پر آتی ہے تو 4 لاکھ روپے اضافی رقم کے طور پر فنانسنگ کم ہو جائے گی، جبکہ ابتدائی 18 ہزار 999 روپے ماہانہ ادائیگی برقرار رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کی ماحول دوست الیکٹرک وہیکل اسکیم کا سرکلر جاری
کمپنی کے مطابق یہ سہولت مخصوص شرائط و ضوابط کے ساتھ فراہم کی گئی ہے، جن میں گاڑی کا ایکسچینج اور ایچ بی ایل کی فنانسنگ شامل ہے۔ سوزوکی حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد صارفین کے لیے آسان اور لچکدار ادائیگی کا نظام فراہم کرنا ہے تاکہ وہ نئی آلٹو زیادہ سہولت کے ساتھ حاصل کر سکیں۔




