مظفرآباد/اسلام آباد:مسلم کانفرنس آزادکشمیر کے چیف آرگنائزر، امید وار اسمبلی حلقہ کھاوڑہ ثاقب مجید راجا نے آج کوہالہ سے مظفرآباد تک امن مارچ کا اعلان کردیا ہے۔
مظفر آباد میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثاقب مجید راجا نے کہا کہ ہم وزیراعظم پاکستان کے مشکور ہیں کہ انہوں نے وفاقی وزراء کو ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کیلئے بھیجا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا کسی گروپ سے تعلق نہیں جب مذاکرات میں زیادہ تر مطالبات مان لئے گئے تھے تو مذاکرات کو آگے کیوں نہیں بڑھا یا گیا،ایکشن کمیٹی نے عوام کو ریلیف سے محروم کیا ہے، اب ہم کوئی سڑک ، دکان بند نہیں کرنے دینگے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ مطالبات آئینی تھے جو اسمبلی سے ہی منظور ہونے تھے، ایکشن کمیٹی نے جان کر مذاکرات ناکام بنائے،چور بازاری، ملاوٹ بند کی جائے۔
اس موقع پر مسلم کانفرنسی کارکنوں نے چور بازاری بند ، ملاوٹ بند، غنڈاگردی بند کرنے کے نعرے لگائے۔
یاد رہے کہ ثاقب مجید راجا مظفرآباد میں کافی اثر رسوخ رکھتے ہیں اور مقبول نوجوان رہنما ہے ، حلقہ کھاوڑہ میں گزشتہ الیکشن میں 22ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے تھے۔