پشاور(کشمیر ڈیجیٹل) بانی تحریک انصاف عمران خان کی رہائی کیلئے پاکستان تحریک انصاف آج سیاسی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے، جس کیلئے عوام کی بڑی تعداد جوق درجوق پہنچ رہی ہے
جلسہ رنگ روڈ موٹروے چوک پر بے نظیر اسپتال گراؤنڈ میں منعقد ہو رہا ہے، جسے پی ٹی آئی بڑا اور تاریخی اجتماع قرار دے رہی ہے۔ جلسے کے لیے کنٹینرز سے اسٹیج بنایا گیا ہے، کارکنوں کے لیے کرسیاں لگائی گئی ہیں اور لائٹنگ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی پشاور آمد
عمران خان کی بہنیں اور پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین پشاور پہنچ گئے ہیں اور جلسہ گاہ کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا ہے۔ مرکزی رہنما اور قانون دان سلمان اکرم راجہ نے گزشتہ روز سہ پہر جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات پر اطمینان ظاہر کیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور بھی رات گئے جلسہ گاہ پہنچے اور تیاریوں کا معائنہ کیا۔
مینا خان آفریدی نے دعویٰ کیا کہ یہ اجتماع تاریخی ہوگا اور اس میں 5 لاکھ سے زائد افراد شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ عمران خان کی کال پر ہو رہا ہے اور خان کی کال پر پورا پاکستان نکلتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے خاتمے کے بعد عمران خان نے اسی مقام پر جلسہ کیا تھا جو بہت بڑا تھا، اور 27 تاریخ کا جلسہ بھی اسی طرح تاریخی ثابت ہوگا۔ پورے ملک سے کارکنان اس میں شرکت کریں گے اور قائدین آئندہ کے لیے لائحہ عمل اور عمران خان کا پیغام پیش کریں گے۔
خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہونے کی وجہ سے جلسے کی تیاریوں میں کسی قسم کی رکاوٹ یا مشکل درپیش نہیں ہے۔ سرکاری مشینری اور گاڑیاں جلسہ گاہ کی صفائی کے لیے استعمال کی جا رہی ہیں جبکہ متعلقہ ٹی ایم اے کے اہلکار بھی سرگرم ہیں۔
اس حوالے سے مینا خان آفریدی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی پولیس کی ذمہ داری ہے جبکہ دیگر انتظامات پارٹی خود کر رہی ہے۔ ان کے مطابق جلسہ پارٹی کے اخراجات پر منعقد ہو رہا ہے اور کارکنان چندہ جمع کر کے اس میں شریک ہو رہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی،ضلعی انتظامیہ کی سرپرستی میں فلیگ مارچ،سکیورٹی اہلکاروں کا گشت