سرینگر(کشمیر ڈیجیٹل)انجمن نصرالاسلام سرینگر کے زیراہتمام اسلامیہ ہائر سیکنڈری اسکول راجوری کدل کے آڈیٹوریم میں ”سیرتِ حضرت محمدﷺ، سماج اور ہماری ذمہ داریاں“ کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد کیا جس میں وادی کے مختلف نجی اداروں کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا اور جس میںموجودہ دور میں سماجی اصلاح کیلئے نبی اکرمﷺکی سیرت کی ابدی اہمیت کو اجاگر کیا ۔
میرواعظ ڈاکٹر عمرفاروق نے خطاب میں شخصی اصلاح اور زندگی کے تمام پہلووں میں اسلامی اقدار کی بحالی پر زور دیا ۔سیرت سمپوزیم میں میرواعظ نے نوجوانوں کو مادی اہداف سے ماورا اخلاقی ترقی اختیار کرنے کی تلقین کی
حقیقی سماجی تبدیلی اسی وقت ممکن جب افراد خود کو بدلیں
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر انجمن میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمدعمر فاروق نے کہا کہ حقیقی سماجی تبدیلی اسی وقت ممکن ہے جب افراد خود کو بدلیں ۔ انہوں نے نبی اکرمﷺ کی مبارک زندگی کو رحمت، عدل اور ذاتی ذمہ داری کا نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ روزمرہ معاملات ،کاروبار، ذاتی تعلقات یا سماجی روابط میں اسلامی اخلاقیات کو نظرانداز کرنا معاشرتی بگاڑ کا سبب بنتا ہے ۔
میرواعظ نے کہا”معاشرہ اس وقت تک نہیں بدلے گا جب تک ہم میں سے ہر ایک اپنے کردار کو درست نہ کریں۔ ہم دعویٰ تو کرتے ہیں کہ ہم نبیﷺ سے محبت کرتے ہیں لیکن اپنی زندگی کے کسی پہلو میں اپنی شادیوں، اپنی تجارت اور اپنی سماجی تقریبات میں ہم عملاً ان کی تعلیمات اور اقدار کو نہیں اپناتے۔
انہوں نے مادیت پرستی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی مذمت کی جو کامیابی کو صرف دولت اور حیثیت سے جوڑتا ہے اور سامعین و حاضرین پر زور دیا کہ وہ روحانی اور اخلاقی اصولوں سے دوبارہ رشتہ جوڑیں۔
میرواعظ نے طلبہ کو یاد دلایا کہ تعلیم صرف ڈگری لینے کا نام نہیں بلکہ حقیقی تعلیم جامع ترقی، علم کے حصول، اخلاق و کردار کی تعمیر اور حق و باطل کی تمیز سکھانے کا عمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈگری حتمی ہدف نہیں ہے۔ تعلیم کا مقصد باخبر ذہن اور عالی کردار کی تشکیل ہے جو انصاف، رحم اور عجز کو جانتے اور پہنچانتے ہو۔
سیمینار میں پہلی پوزیشن اسلامیہ ہائیر سیکنڈری سکول راجوری کدل کی طیبہ جان، جبکہ دوسری پوزیشن محمد عنایت اللہ کریسنٹ پبلک سکول،حوریا اسلم اسلامیہ ہائیر سیکنڈری اسکول اور ایان احمد اسلامیہ اسکول صفاکدل اور تیسری پوزیشن زین العابدین برن ہال سکول، زینب بنت ریاض گرین لینڈ سکول اور زہرا اسلم اسلامیہ ہائیر سیکنڈری اسکول راجوری کدل نے حاصل کئے۔
جج کے فرائض جناب مولانا شوکت حسین کینگ القادری، جناب ڈاکٹر جی ایم خان اور جناب انجینئر عبدالمجید نے انجام دیئے۔ نظامت کی ذمہ داری مولانا ایم ایس رحمن شمس نے نبھائی۔
اس موقعہ پر مجلہ نصر الاسلام کا خصوصی سیرتی شمارہ ”فخر العالمینﷺ “2025 کا اجرا بھی صدر انجمن کے ہاتھوں عمل میںلایا گیا جبکہ سیرتی تقریب میں معزز شہریوں ،اراکین انجمن اور جنرل سیکریٹری سمیت پرنسپل، اساتذہ اور طلبا کی بڑی تعداد موجود تھی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی،ضلعی انتظامیہ کی سرپرستی میں فلیگ مارچ،سکیورٹی اہلکاروں کا گشت