نیویارک (کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان باضابطہ ملاقات آج وائٹ ہائوس میں ہوگی۔
وزیراعظم کے ساتھ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر حکام بھی ملاقات میں شریک ہونگے۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، علاقائی، عالمی امور ، افغانستان، خطے کی صورتحال، انسداد دہشت گردی کے حوالے سے تعاون سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے اسی روز واپس نیویارک آ جائیں گے۔ وزیراعظم جمعہ کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرینگے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے اختتام پر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے غیر رسمی ملاقات کی۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوستانہ ماحول میں بات چیت کی اور مصافحہ کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن کے داعی ہیں۔ پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی میں صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم کا اہم کردار ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ دنیا بھر میں امن قائم کرنا چاہتے ہیں، صدر ٹرمپ نے جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب میں بھی امن کے لیے کوششوں کا ذکر کیا۔
پاکستان کے وزیراعظم پیر کو جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچے جو کہ مشرق وسطیٰ، یوکرین میں بڑھتے ہوئے تنازعات اور جنوبی ایشیا کے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان 23 سے 29 ستمبر تک ہو رہا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مقبوضہ کشمیر کے علاقے لداخ میں احتجاجی مظاہروں کے بعد کرفیو نافذ