غزہ میں فلسطینیوں کی جبری ہجرت کے منصوبوں کا مقابلہ کرنے کے لیے آئندہ دنوں میں قاہرہ میں عرب لیگ کا ’’ہنگامی‘‘ سربراہ اجلاس منعقد کرنے کے لئے مشاورت کی جا رہی ہے۔
عرب ویب سائٹ العربیہ کے مطابق سربراہ اجلاس میں جبری ہجرت کو مسترد کرنے کے لئے ایک یکساں عرب فیصلہ اور موقف اپنایا جائے گا اور فلسطینیوں کی ان کی سرزمین سے بے دخلی روکنے کیلئے مطلوبہ قانونی اور بین الاقوامی اقدامات پر عرب ممالک کا اتفاق رائے باور کرایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ کا غزہ پر قبضہ کرنے کا اعلان، ایران کو بھی دھمکی
سربراہ اجلاس میں فلسطینیوں کے ان کی سرزمین سے رخصت ہوئے بغیر غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے زیر بحث آئیں گے اور فائر بندی کی تکمیل اور کسی بھی خلاف ورزی کو روکنے کے لیے سپورٹ کا اظہار کیا جائے گا۔
اس حوالے سے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے فلسطینی مسئلے کے اصولوں کو کسی قسم کا ضرر نہ پہنچانے پر عرب دنیا کے اتفاق رائے کی ضرورت کو باور کرایا ہے۔
ابو الغیط نے گزشتہ روز عرب لیگ کے جنرل سیکرٹریٹ کے صدر دفتر میں فلسطینی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد مصطفی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ابو الغیط کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر مطلوب یہ ہے کہ فائر بندی کو مضبوط بنایا جائے۔