مظفر آباد:سینئر سیاستدان، سابق وزیر حکومت محمد حنیف اعوان ( لالہ حنیف) طویل علالت کے باعث انتقال کر گئے ، مرحوم کی نماز جنازہ آج بروز منگل مظفر آباددن اڑھائی بجے یونیورسٹی گراؤنڈ چہلہ بانڈی میں ادا کی جائے گی۔
مظفرآباد کی ہر دلعزیز شخصیت و سابق وزیر حکومت محمد حنیف اعوان عرصہ سے علیل تھے، پی ٹی آئی مظفر آباد ڈویژن نے حنیف اعوان کے انتقال پر3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے اور خدمات کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیرکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے مظفر آباد ڈویژن سمیت پورا آزاد کشمیر ایک مدبر اور با اصول سیاسی رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔
پارٹی مرحوم کے صاحبزادے چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف حلقہ سٹی مظفر آبادمحمد سعید اعوان ایڈووکیٹ اور تمام اہل خانہ کے غم میں پارٹی کی قیادت اور مظفر آباد ڈویژن کے تمام سیاسی و سماجی کارکن برابر کے شریک ہیں۔
الله ب العزت سے دعا ہے کہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، ان کی آخری منازل آسان فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین۔
سیاسی رہنمائوں نے بھی حنیف اعوان کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔
سابق وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ حنیف اعوان کے انتقال کی خبر سن کر دلی دکھ اور رنج ہوا مگر موت ایک اٹل حقیقت ہے اور ہم میں سے ہر شخص نے اپنے مقررہ وقت پر اپنے رب کے حضور لوٹ کر جانا ہے ۔
حنیف اعوان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پر نہیں ہو سکے گا۔ مرحوم کی گرانقدر سیاسی و سماجی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔




