وجاہت کاظمی کی زیرنگرانی پولیس ٹیم کی بھرپور کارروائی ، مغویہ لاہور سے بازیاب،ملزم گرفتار

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)تھانہ پولیس سٹی کی دبنگ کارروائی مقدمہ درج ہونے کے تین دن کے اندر مغویہ بازیاب اور اغواء کارکو گرفتار کرلیا۔

انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر کے ویژن جرائم سے پاک کشمیر کے تناظر میں اور ڈی آئی جی و ایس ایس پی کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے تھانہ پولیس سٹی کی ایک اور بڑی کارروائی، 20 سالہ مغویہ لاہور سے بازیاب کر لی گئی جبکہ اغواء کار کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق 19 ستمبر کو مغویہ کے اغواء کا مقدمہ درج ہوا جس پر ایس ایس پی مظفرآباد ریاض حیدر بخاری کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ سٹی وجاہت حسین کاظمی کی زیر نگرانی اے ایس آئی راجہ صائم داد نے ہمراہ کانسٹیبل راجہ سدھیر، لیڈی کانسٹیبل خضرہ اور لیڈی کانسٹیبل کائنات نے لاہور میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے مغویہ کو بحفاظت بازیاب کرا لیا جبکہ ملزم کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

اے ایس آئی راجہ صائم داد اس سے پہلے بھی متعدد بار ہمراہ ٹیم کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مغویان کو بازیاب کروا چکے ہیں اور اپنی جرات و مہارت کا لوہا منوا چکے ہیں۔

شہریوں نے اس کارروائی کو پولیس ٹیم کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے مظفرآباد پولیس پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو رہا ہے اور یہ جرائم کے خاتمے کی طرف اہم پیش رفت ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کشمیریوں کا محافظ،حقوق کی آڑ میں انتشار قبول نہیں، سیاسی قیادت

Scroll to Top