پٹہکہ(کشمیر ڈیجیٹل) فوڈ اتھارٹی مظفرآباد اور تحصیل انتظامیہ کا پٹہکہ بازار میں مشترکہ گرینڈ آپریشن۔موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی مدد سے موقع پر دودھ ،پانی،آئل،مصالحہ جات کے نمونہ جات حاصل کر کے ٹیسٹنگ کی گئی ،لیبارٹری رپورٹ کی روشنی میں غیر تسلی بخش قرار دئیے جانے والے شاہین سلانٹی سمیت غیر رجسٹرڈ اشیائے خوردونوش ضبط،مضر صحت آئل موقع پر تلف کر دیا،فوڈ بزنس آپریٹرز کو جرمانے و وارننگ دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل انتظامیہ پٹہکہ کے نائب تحصیلدار انصر علی مغل اور فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی ٹیم فرخ رفیق مغل ،شیخ اکرم نے ہمراہ فوڈ ٹیکنالوجسٹ محترمہ انیلہ عباسی پٹہکہ بازار میں مشترکہ کارروائی کی۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں پانی ملا دودھ فروخت کرنیوالوں کیخلاف فوڈ اتھارٹی کا ایکشن
اشیائے خوردونوش سمیت صفائی ستھرائی کے معیار کی جانچ کی گئی۔کچن ایریا میں گندگی،گندے برتن ،صفائی ستھرائی اور فوڈ ہینڈلنگ کے ناقص انتظامات پائے گئےجس پر متعدد فوڈ بزنس آپریٹرز کو جرمانے عائد کرتے ہوئے وارننگ نوٹسز جاری کئے گئے۔
دوران کارروائی دودھ،پانی،آئل اور مصالحہ جات کے نمونہ جات حاصل کر کے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے موقع پر ٹیسٹنگ کی گئی۔فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے لیبارٹری رپورٹ پر غیر تسلی بخش قرار دی جانے والی شاہین سلانٹی بڑی مقدار میں ضبط کر لی جبکہ غیر معیاری آئل موقع پر تلف کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی کا ایکشن،غیرمعیاری گھی وآئل کی کھیپ ضبط کر لی
اس موقع پر فوڈ اتھارٹی اور تحصیل انتظامیہ پٹہکہ کے ذمہ داران نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کارروائی کا مقصد شہریوں کو معیاری اور صاف ستھری خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
کاروباری پیشہ سے منسلک افراد صرف وہی اشیائے خوردونوش فروخت کریں جو فوڈ اتھارٹی سے رجسٹرڈ ہوں۔ہوٹلز،بیکریوں اور کریانہ و جنرل سٹور پرکام کرنے والے افراد ہیڈ کور کرنے کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی کے معیار کو بہتر بنائیں۔