نیویارک (کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ سے متعلق قرارداد پر امر یکی ویٹو کو’’سیاہ لمحہ‘‘ قرار دے دیا ہے ۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے قرارداد منظور نہ ہونے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس کا مقصد غزہ میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران کا ازالہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوئی معمولی کارروائی نہیں تھی ، یہ ایک موقع تھا بے مثال بربریت اور تباہی اور غزہ میں بڑے پیمانے پر نقل مکانی کے دوران عمل کرنے کا جبکہ اس دوران صیہونی زمینی حملے شدت اختیار کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ قرارداد منظور نہ ہونے کے پیچھے کسی کے ارادے یا کوشش کی کمی نہیں تھی بلکہ امریکا کا ویٹو تھا ، جس پرفوری طور پر معذرت ہونی چاہیے ۔
پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام جاری ہے اور غزہ میں روزانہ متعدد بے گناہ لوگوں کو شہید کیا جارہا ہے اور وہاں بچے بھوک سے مررہے ہیں اس کے علاوہ اسرائیل نے غزہ میں ہسپتالوں کو بھی نہیں چھوڑا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے اقوام متحدہ میں افغانستان کے دہشت گرد کیمپوں کیخلاف ثبوت پیش کر دئیے
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی مکمل حمایت کرے گا ، آزادفلسطینی ریاست کےقیام تک پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھےگا، ان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی وقت کا تقاضا ہے ۔




