مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل ) آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب میاں محمد شہباز شریف، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورہ سعودی عرب کا بھر پور خیر مقدم کرتا ہے اور اس دورہ کے دوران دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے کو ستائش کی نظر سے دیکھتا ہے۔
اس معزز ایوان کی رائے میں اس معاہدہ سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہو گا۔ بلکہ پورے عالم اسلام کی سلامتی پر گہرے اور دور رس اثرات مرتب ہوں گے اور یہ معاہدہ خطے میں امن و استحکام باہمی دفاع اور اسلامی دنیا کی سالمیت کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔
یہ ایوان سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلیمان کو بھی پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدہ کرنے پر بھر پور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔یہ ایوان اس موقع پرسپہ سالار افواج پاکستان فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کوبھی بھر پور خراج تحسین پیش کرتا ہے
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی نڈر، بے باک ، مدبرانہ قیادت اور پیشہ وارانہ مہارت کے باعث حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف نہ صرف عسکری محاذ پر بھر پور کامیابیاں حاصل کیں بلکہ ان کی کامیاب حکمت عملی کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔
اس معزز ایون کی رائے میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات موجود ہیں اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کی خود مختاری ، سلامتی، اور استحکام کیلئے باہمی تعاون کیا اور سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں مملکت خداداد پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا جس پر یہ ایوان برادر اسلامی ملک سعودی عرب کا شکر یہ ادا کرتا ہے۔
اس معزز ایوان کی رائے میں فلسطین، لبنان ، شام ، یمن ، ایران اور حال ہی میں دوحہ قطر پر اسرائیلی جارحیت اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کی واضح طور پر عکاسی کرتا ہے اور اس معزز ایوان کی رائے میں یہ معاہدہ اسرائیل اور بھارت کے خلاف ایک مضبوط Deterrence کا کردار ادا کرے گا۔
اس معزز ایوان کی رائے میں یہ دفاعی معاہدہ نہ صرف پاکستان او نان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دے گا بلکہ عالم اسلام بالخصوص عرب ممالک میں امن و استحکام کا ضامن ثابت ہو گا ۔
دونوں برادر اسلامی ممالک کے در میان دفاعی معاہدہ علاقائی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اسلامی دنیا کے اتحاد کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ ایوان توقع رکھتا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پڑا من، منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔
یہ ایوان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب کی سلامتی، خود مختاری اور سالمیت کے تحفظ میں اپنا تاریخی کردار ادا کرتا رہے گا۔ اللہ تعالی دونوں ممالک کو اتحادہ ترقی اور سلامتی عطا فرمائے آمین۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: ارشد ندیم اور نراج چوپڑا میڈل کی دوڑ سے باہر




