پی ٹی آئی آزادکشمیر کا بھارتی سائفر کا اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)اسلام آباد میں پی ٹی آئی آزادکشمیر کے اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد۔ اجلاس کی صدارت سابق وزیراعظم و صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کی، جس میں اراکین اسمبلی، امیدواران اسمبلی، مرکزی گورننگ باڈی اور ڈویژن و ضلعی سطح کی قیادت نے بھرپور شرکت کی۔

پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے نائب صدر اور سابق امیدوار اسمبلی سید ذیشان حیدر نے بذریعہ زوم خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین عمران خان کی رہائی اور عوامی حقوق کے حصول کی تحریک کو اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل کیا جائے گا۔

ذیشان حیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ستمبر کے بعد ڈویژنل سطح پر بڑے جلسے، اس کے بعد ضلعی اور حلقہ جات کی بنیاد پر جلسے، جلوس اور ورکرز کنونشن منعقد کیے جائیں گے تاکہ عوامی آواز کو طاقتور انداز میں دنیا کے سامنے پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ آزادکشمیر حکومت اور اس کے اتحادی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ریاست کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے اور عوام کو شدید مایوسی اور مسائل کا شکار کیا ہے۔

ذیشان حیدر نے مزید کہا کہ چیئرمین عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے احتجاج کی مکمل حمایت کے فیصلے کی تجدید کی جائے اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی آزادکشمیر ہر حال میں عوامی تحریک کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

انہوں نے آزادکشمیر میں الیکشن کمشنر کی تعیناتی اور دیگر آئینی و انتظامی مسائل کے فوری حل پر زور دیا۔ مزید برآں، بھارتی سائفر کے انکشاف پر اجلاس میں اعلیٰ سطحی تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا گیا اور دفتر خارجہ پاکستان پر زور دیا گیا کہ فوری طور پر بھارت کے سفیر کو طلب کر کے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کروایا جائے۔

حکومت پاکستان کو تجویز دی گئی کہ وہ ایک اعلیٰ سطحی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے جو ایکشن کمیٹی کی قیادت کے ساتھ بیٹھ کر عوامی مسائل کا حل نکالے۔

اسی طرح اس سنگین صورتحال پر آزادکشمیر اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے تاکہ نمائندگان عوامی مسائل پر سنجیدہ ڈیبیٹ کر سکیں۔سید ذیشان حیدر نے سردار عبدالقیوم نیازی کو خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے حکومت کی فرمائشی آل پارٹیز کانفرنس میں شریک نہ ہو کر حقیقی عوامی لیڈر ہونے کا ثبوت دیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور اس کے اتحادی اپنی نااہلی چھپانے کے لیے عوام کو غدار اور بھارتی ایجنٹ قرار دینے جیسا غیر ذمہ دارانہ بیانیہ اختیار کر رہے ہیں جو کہ نہ صرف شرمناک بلکہ ریاست دشمن رویہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمارا دشمن ہے، لیکن ملک بھی ہمارا ہے اور فوج بھی ہماری ہے۔

آزادکشمیر کی کرپٹ، موروثی قیادت عوام کو مزید گمراہ نہیں کر سکتی۔ حکومتی وزراء کی فالس فلیگ پریس کانفرنس دراصل اپنی ناکامیوں اور نااہلی کو چھپانے کی بھونڈی کوشش ہے۔

نائب صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر سید ذیشان حیدر نے دوٹوک اعلان کیا کہ 29 ستمبر کو عوامی حقوق کے لیے بھرپور احتجاج ہوگا اور ایکشن کمیٹی کی تحریک کسی بیرونی ایجنڈے کا حصہ نہیں بلکہ خالصتاً عوام کی تحریک ہے۔ تحریک انصاف ہر حال میں حق، سچ اور عوامی مفاد کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹر سجاد خان کی قیادت میں وفد جنیوا پہنچ گیا، پروفیسر ڈاکٹر لیوارٹ سے اہم ملاقات، مودی کے جرائم کھول کر رکھ دیئے

Scroll to Top