درخت کاٹنے والے مجرم کو انوکھی سزا، بھاری جرمانہ بھی عائد

نیلم : آزادکشمیر میں سبزدرختوں کٹائی پر فاریسٹ مجسٹریٹ عدالت نے درخت کاٹنے والے مجرم کو 30 درخت لگانے اور انکی 10سال تک حفاظت کرنے کی سزا دے سنا دی ، ملزم پر جرمانہ بھی کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فاریسٹ مجسٹریٹ عدالت نیلم ثاقب محمود نے سبز درخت کی کٹائی پر گائوں شیخ بیلہ ددنیال کے رہائشی محی الدین کو دیودار کے درخت کاٹنے پر 15ہزار280 روپے معاوضہ مقرر کیا۔

اس کے علاوہ محی الدین کو اپنی زمین میں 30 درخت لگانے اور دس سال تک ان کی حفاظت کرنے کی سزا دی گئی۔

عدالت نے اس فیصلے کے تحت فاریسٹ گارڈز کو نگران مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے جو ہر ماہ مجسٹریٹ عدالت میں رپورٹ جمع کرائیں گے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ درختوں کی حفاظت اور نگہداشت مناسب طور پر ہو رہی ہے۔

ثاقب محمود نے بتایا کہ جنگلات ایکٹ کے تحت کاٹے گئے درخت کی قیمت کا تعین ہونے کے بعد اس کا تین گنا معاوضہ بنایا جاتا ہے، جس میں عوضانہ، جرمانہ اور سزا شامل ہیں، جن میں جسمانی سزا بھی ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور، جنگلات سے سرسبز درخت کاٹنے والے کو جیل بھیج دیا گیا

انہوں نے کہا کہ میں نے اس فیصلے میں محی الدین کو 30 درخت لگانے اور دس سال تک ان کی حفاظت کرنے کی سزا دی ہے تاکہ اس شخص کو یہ احساس دلایا جا سکے کہ درخت کتنے قیمتی اور ضروری ہیں۔

ثاقب محمود کا کہنا ہے کہ میں نے صرف اس فیصلے کے لیے وکالت چھوڑ کر یہ مجسٹریٹ کی ملازمت اختیار کی تاکہ میں یہ فیصلہ کر سکوں۔

ثاقب محمود نے 24 مارچ 2025 کو مجسٹریٹ کے طور پر چارج سنبھالا، اور پہلا کیس اسی فیصلے کے ساتھ شروع کیا، ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ درختوں کی حفاظت کیلئے کیا ہے۔

سزا پانے والے محی الدین نے بتایا کہ فاریسٹ مجسٹریٹ کے اس فیصلے نے میری زندگی بدل دی ہے۔ جب سے یہ فیصلہ آیا، میں نے دوسرے دن ہی درخت لگا دئیے تھے۔ اب میں ہر روز صبح شام ان درختوں کو وقت دے رہا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر کے بھائی پر درختوں کی کٹائی کا الزام، محکمہ جنگلات کی وضاحت

یہ اب میری سزا بھی ہے اور ضرورت بھی۔ مجھے اب درخت کاٹنے کے بجائے درخت لگانے کا شوق ہے۔

ماحولیاتی ماہرین شفیق الرحمان نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف موجودہ ماحولیاتی بحران کو روکنے میں مددگار ثابت ہوں گے، بلکہ یہ دیگر علاقوں میں بھی جنگلات کے تحفظ کے لیے ایک مؤثر ماڈل بن سکتے ہیں۔

Scroll to Top