دریائے سندھ سمیت دیگر دریاؤں میں پانی کی آمد میں اضافہ، کئی مقامات پر سیلابی صورتحال

(کشمیر ڈیجیٹل)دریائے سندھ کے مختلف بیراجوں میں پانی کی آمد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے کئی مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق گڈو بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ بڑھ کر 6 لاکھ 35 ہزار کیوسک تک جا پہنچا ہے۔ سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے اور یہاں پانی کی آمد 5 لاکھ 6 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی۔ کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں بہاؤ 2 لاکھ 78 ہزار کیوسک رہا۔

دریائے سندھ میں کوٹ مٹھن راجن پور اور چاچڑاں شریف کے مقامات پر پانی کی سطح 11.7 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ لاڑکانہ کے قریب سیہون حفاظتی بند کے عاقل آگانی لوپ بند پر بڑا ریلا گزر رہا ہے، جس کے باعث 20 سے زائد دیہات پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ تاہم کچے کے رہائشی نقل مکانی سے گریزاں ہیں جبکہ بند کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پتھر پہنچا دیے گئے ہیں۔

ادھر دریائے چناب میں ہیڈ پنجند پر پانی کے بہاؤ میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں بہاؤ 3 لاکھ 33 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا لیکن اب بھی اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قطر امریکا کا خاص اتحادی ہے، اسرائیل محتاط رہے: ٹرمپ

اسی طرح دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا اور ہیڈ اسلام پر درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے، جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر نچلے درجے کا سیلاب دیکھا گیا ہے۔ دوسری جانب دریائے راوی کی صورتحال معمول پر آ گئی ہے۔

Scroll to Top