ایشیا کپ ٹی 20 میں آج 14 ستمبر بروز اتوار کو ہونے والا پاک بھارت ٹاکرا اعصاب کی سب سے بڑی جنگ قرار دیا جا رہا ہے۔
دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں روایتی حریف آج شام ساڑھے سات بجے آمنے سامنے ہوں گے، جہاں بلے بازوں کے تیز وار اور گیند بازوں کے خطرناک اسپیل ماحول کو گرما دیں گے۔
اس بار خاص بات یہ ہے کہ دونوں ٹیمیں نئے کپتانوں کی قیادت میں میدان میں اتریں گی، جس سے ٹاکرے کو مزید دلچسپ بنانے کی توقع ہے۔
پاکستانی شاہین جذبے سے سرشار ہیں جبکہ بھارتی سورما بھی اپنی برتری ثابت کرنے کیلئے پرعزم دکھائی دیتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ میچ محض دو ٹیموں کا مقابلہ نہیں بلکہ کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک جشن ہے، جس میں ہر گیند اور ہر رن اعصاب کی آزمائش ثابت ہوگا۔
ایشیا کپ میں کس کا پلڑا بھاری ہے؟
روایتی حریفوں کے وائٹ بال ہیڈ ٹو ہیڈ میں بھارت بہت آگے ہے، ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مجموعی طور پر 19 میچز ہوئے، جن میں بھارت نے 10 میچوں میں فتح حاصل کی جبکہ پاکستانی ٹیم 6 میں میدان مار سکی اور 3 مقابلے بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔
ایشیا کپ ون ڈے فارمیٹ 15 میچز کھیلے گئے، بھارت نے 8 اور پاکستان نے 5 میں کامیابی سمیٹی جبکہ مختصر فارمیٹ میں 3 بار آمنا سامنا ہوا، 2 میچ بھارت اور ایک ٹی ٹوئنٹی پاکستان کے نام رہا۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان حاوی رہا، دونوں کے درمیان 3 میچ کھیلے گئے جس میں سے 2 میچز پاکستان نے جیتے اور ایک بھارت کے نام رہا۔
روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کا اسپنرز پر انحصار
ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے روایتی حریف آمنے سامنے آنے کو ہیں اور ماہرین کا ماننا ہے کہ اس بار جیت کا انحصار دونوں ٹیموں کے اسپنرز پر ہوگا۔ دبئی کی وکٹ اسپنرز کے لیے سازگار جانی جاتی ہے اور دونوں ٹیموں کے پاس عالمی معیار کے اسپنرز موجود ہیں۔
پاکستانی ٹیم کا انحصار نوجوان اسپنر ابرار احمد پر ہے جو بھارتی اوپنرز شبھمن گل اور ابھیشیک شرما کو آؤٹ کرنے کے لیے بے تاب دکھائی دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ، پاک بھارت ٹاکرے سے قبل دبئی پولیس کا انتباہ جاری
اسی طرح ٹرائی سیریز کے ہیرو محمد نواز اپنی بائیں ہاتھ کی اسپن سے بھارتی بلے بازوں کے اعصاب پر دباؤ ڈالنے کے لیے تیار ہیں۔ سفیان مقیم بھی گرین شرٹس کے اہم ہتھیار ثابت ہو سکتے ہیں جو بھارتی ٹاپ آرڈر کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔
ایشیا کپ: گروپ اے میں کون پہلے اور کون دوسرے نمبر پر؟
ایشیا کپ گروپ اے میں شریک تمام 4 ٹیمیں اپنا ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں ، بھارت اور پاکستان کو کامیابی حاصل ہوئی جب کہ عمان اور متحدہ عرب امارات کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
گروپ اے میں پوائنٹس پر نظر ڈالی جائے تو بھارت 10.483 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پہلے جبکہ پاکستان 4.650 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ، عمان تیسرے جبکہ متحدہ عرب امارات چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔
پاکستان اور بھارت 14 ستمبر اتوار کو دبئی میں مدمقابل ہونگی ، ممکنہ طور پر یہی دو ٹیمیں گروپ اے سے اگلے رائونڈ میں پہنچیں گی۔