راجہ فاروق حیدر رانگ نمبر ،انتشار کے مخصوص ایجنڈے پر کام کررہے ہیں،ذیشان حیدر

جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے نائب صدر و سابق امیدوار اسمبلی سید ذیشان حیدر نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اپنا بے توقیر اقتدار بچانے اور اپنی اولاد کو ایوانِ اقتدار کا حصہ بنانے کیلئے آقاؤں کی خوشنودی حاصل کرنے کے مخصوص ٹاسک پر کام کر رہے ہیں اور دانستہ طور پر جہلم ویلی کے حالات خراب کرنے کے درپے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فاروق حیدر دراصل ایک “رانگ نمبر” ہیں جنہوں نے گزشتہ پچاس سال کے دوران اقتدار کے مزے لوٹے لیکن جہلم ویلی کو جان بوجھ کر محرومیوں اور پسماندگی کے اندھیروں میں دھکیل دیا۔ ایم ایل اے فنڈز کے استعمال کے باوجود ان کی کارکردگی صرف، “سکیم خواری” اور معمولی اعلانات تک محدود رہی۔ انہوں نے یونیورسٹی کی زمین کے حصول کی راہ میں رکاوٹیں ڈالیں، یونیورسٹی کیمپس اور کالج ختم کرنے کی باقاعدہ تحریک چلائی، جبکہ سینہ دامن، کھلانا اور چناری کو بھی دانستہ طور پر نظرانداز کیا۔

سید ذیشان حیدر نے انکشاف کیا کہ جہلم ویلی میں سرکاری نوکریاں ہوں یا ترقیاتی فنڈز، تبادلے ہوں یا ترقیوں کے فیصلے—فاروق حیدر کے سیاسی ٹھگوں نے ہر شعبے میں باقاعدہ رشوت خوری کو فروغ دیا اور میرٹ کا خون کیا۔ انہوں نے کہا کہ نالائق اور خوشامدی افراد کو نوازا گیا جبکہ اہل اور پڑھا لکھے نوجوانوں کو مسلسل محروم رکھا گیا۔ تھانوں میں غریب عوام پر ظلم و زیادتی، جنگلات کی خرید و فروخت، اور درختوں کی بے دریغ کٹائی میں بھی ان کے کارندے برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فاروق حیدر کی سیاست عوام کو محض کالے پائپ، کھمبے اور چھوٹی سکیموں کے لالچ میں جھکانے پر مبنی رہی۔ غریب عوام کو ذلت اور رسوائی کے ایسے ہار پہنائے گئے جو بالآخر خود ان کی سیاسی موت کا سامان بنیں گے۔

سید ذیشان حیدر نے کہا کہ جہلم ویلی کے عوام فاروق حیدر کی عوامی ایکشن کمیٹی کے خلاف ہرزہ سرائی کا جواب 29 نومبر کے احتجاج میں بھرپور قوت سے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فاروق حیدر کبھی خود کو “نانی کشمیر” کے علمبردار ظاہر کرتے تھے اور یہاں تک کہتے رہے کہ پاک فوج مقبوضہ کشمیر میں داخل ہو، لیکن آج اپنے اقتدار کی ہوس میں انہی نظریات پر یو ٹرن لے کر اپنی پہچان کا جنازہ نکال چکے ہیں۔ پانچ سال وزیراعظم رہ کر بھی اپنے حلقے کے عوام کے لیے کچھ نہ کرنے والے شخص سے مزید توقع رکھنا احمقوں کی جنت میں رہنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہلم ویلی میں رشوت خوری، اقربا پروری، میرٹ کی پامالی، ظلم و ناانصافی اور ہر قسم کی بداعمالی کی جڑ یہی فاروق حیدر ہیں۔ اب کوئی دھونس، دھمکی یا بدمعاشی عوامی جدوجہد کو نہیں دبا سکتی۔ اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا اور کوئی خوش فہمی میں نہ رہے۔

سید ذیشان حیدر نے کہا کہ جہلم ویلی میں عوامی طاقت صرف تحریک انصاف اور عوامی ایکشن کمیٹی کے پاس ہے۔ عوام اور نوجوان ان کے ساتھ کھڑے ہیں، جبکہ فاروق حیدر اپنی یقینی شکست دیکھ کر آج گلی گلی، محلہ محلہ اور در در جا کر عوام کو سبز باغ دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ اس سے قبل انہوں نے کبھی اپنے حلقے کو وقت نہیں دیا۔ اب باشعور عوام ان کے جھانسے میں آنے والے نہیں۔

مزیدیہ بھی پڑھیں:ناراض کارکن واپس آجائیں ملکر آزادکشمیر کو ماڈرن سٹیٹ بنائیں گے ، شاہ غلام قادر

Scroll to Top