انگلینڈ نے ٹی20کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی، جنوبی افریقہ کو 146 رنز سے شکست

اولڈ ٹریفورڈ :انگلینڈ نے جنوبی افریقی بولرز کیخلاف ٹی 20 کرکٹ میچ میں نئی تاریخ رقم کردی۔ فل سالٹ نے انگلینڈ کی ٹی 20 تاریخ کی تیز ترین سنچری سکور کرتے ہوئے ٹیم کو جنوبی افریقا کے خلاف تاریخی جیت دلائی۔

اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے میچ میں میزبان انگلینڈ نے 2 وکٹوں پر 304 رنز کا پہاڑ کھڑا کر کے سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

فل سالٹ نے محض 39 گیندوں پر سنچری بنا کر لیام لیونگسٹون کا ریکارڈ توڑ دیا، وہ 60 گیندوں پر 141 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ لیام لیونگسٹون نے 2021 میں پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز میں 42 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ کو ون ڈے تاریخ کی بدترین شکست، انگلینڈ نے بڑی کامیابی سمیٹ لی

جوس بٹلر نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 83 رنز بنائے اور سالٹ کے ساتھ 126 رنز کی شراکت قائم کی۔ جیکب بیتھیل نے 24 رنز اور کپتان ہیری بروک نے 21 گیندوں پر 41 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کے اوپنرز ایڈن مرکرم اور رائن رکلٹن نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 50 رنز بنائے تاہم جوفرا آرچر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ آرچر نے 25 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سیم کرن نے 11 رنز کے عوض 2 شکار کیے۔

جنوبی افریقا نے انگلینڈ کے خلاف 158 رنز بنائے اور پوری ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ نے میچ 146 رنز سے اپنے نام کیا۔ سیریز کا فیصلہ کن میچ اتوار کو ٹرینٹ برج میں کھیلا جائے گا۔

Scroll to Top