مظفرآباد: محکمہ تعلیم آزادکشمیر میں میرٹ وسنیارٹی پامال کرتے ہوئے سفارشی ٹیچرز کو ترقی دیئے جانیکا انکشاف ہوا ہے جبکہ جنرل لائن کی اسامیوں پر سائٹس ٹیچرز کے تبادلے بھی کئے جا رہے ہیں جس پر ٹیچرز میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم میں سفارشی و بدعنوان طبقہ ایک بار پھر متحرک ہو گیا ہے اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرراجا اعجاز کے کزن ڈرائنگ ٹیچرہائی سکول لنگرپورہ راجا معیم کوہائی سکول گہل میں بطور سینئر مدرس جنرل لائن غیرقانونی ترقی دیدی گئی ہے۔
ٹیچرز کا موقف ہے کہ ڈرائنگ ٹیچرز کی اپنی لائن آف پرموشن ہوتی ہے، جونیئر ڈرائنگ مدرس ترقی پا کر سینئر ڈرائنگ مدرس بنتا ہے، اس لئے ڈرائنگ ٹیچر جنرل لائن کی آسامی پر ترقی نہیں پاسکتا مگر یہاں الٹی گنگا بہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پانچویں کلاس کے بچے پر تشدد کرنیوالا ٹیچر معطل، انکوائری کا حکم جاری
اسسٹنٹ ڈائریکٹرکا کزن ہونے کی وجہ سے موصوف نے ترقی پائی ، اس سے قبل راجہ اعجازکے کزن دلشاد خان بھی 155 ٹیچرز کی سنیارٹی پامال کرتے ہوئے ترقی پاچکے ہیں۔
سوال پیدا ہوتا ہے کہ گڈ گورننس اور میرٹ کے دعوے دار کہاں ہیں؟ سنیارٹی میں سرفہرست اساتذہ کی دادرسی کون کریگا۔
یہ بھی پڑھیں: اساتذہ کےسکیل اپ گریڈیشن کا وعدہ جلد پورا کرینگے، وزیراعظم انوارالحق
دوسری طرف سائنس مدرسین کے جنرل لائن کی آسامیوں پر تبادلے کئے جارہے ہیں جن سے جنرل لائن اساتذہ کا استحقاق مجروع ہوتا ہے حال ہی میں ہائی سکول ڈنہ اور بھیڑی میں سائنس مدرسین کے جنرل لائن اسامیوں پر تبادلے کئے گئے ہیں۔