مظفرآباد:محکمہ ہائرایجوکیشن آزادکشمیر نے ا یڈہاک لیکچرارز کیلئے منعقدہ ٹیسٹ میں ٹیمپرنگ کرکے ادارے پر جعلسازی کا الزام لگانے والے امیدواروں کیخلاف کارروائی کیلئے پولیس سے رجوع کر لیا ہے۔
نظامت اعلیٰ تعلیم کالجز کی طرف سے ایس ایس پی پولیس سپیشل برانچ کو دی گئی درخواست میں موقف اپنا یا گیا ہے کہ محکمہ ہائر ایجو کیشن کالجز نے 20 اگست کو ایڈ ہاک لیکچررز وغیرہ کے ٹیسٹ منعقد کر کے امتحان امید واروںکا رزلٹ 5 ستمبر سرکاری طور پر محکمہ کی ویب سائٹ پر جاری کیاجہاں امیدواروں نے شناختی کارڈ نمبر درج کرکے نتائج دیکھے۔
اسی اثناء میں چند امیدواروں نے رزلٹ کو ٹیمپر کر کے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر کے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ اس ٹیسٹ میں ان کے پہلے نمبر زیادہ تھے بعد میں محکمہ نے کم کر دیئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فلاح عام ٹرسٹ پر شب خون: تعلیم پر حملہ یا سوچوں کی جنگ؟
سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی اس جعلسازی سے محکمہ کی ساکھ کو شدید دھچکا لگا، نیز میرٹ پر آنے والے امیدواران میں شدید اضطراب پایا گیاہے۔
نظامت اعلیٰ تعلیم کالجز کی جانب سے پولیس سے2امیدواروں کفیل الرحمان ولدشفیق الرحمان ساکن لیپہ جہلم ویلی اور واصف اعجاز ولداعجاز احمد ساکن تتہ پانی کوٹلی کیخلاف کارروائی کی استدعاکی گئی ہے۔محکمہ کی طرف سے پولیس کو ثبوت بھی فراہم کئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ ریکارڈ ٹیمپرنگ پر امیدواروں کیخلاف سخت کارروائی متوقع ہے ، ممکنہ طور پر کارروائی ہونے پر یہ سرکاری ملازمت کیلئے نااہل قرار پاسکتے ہیں جس سے مستقبل سوالیہ نشان بن جائیگا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرہائرایجوکیشن ظفراقبال ملک کی دبنگ انٹری، درجنوں افراد قافلے میں شامل




