چکار؛سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ جب تک میرٹ، اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر فیصلے نہیں ہوں گے، نظام میں بہتری ممکن نہیں۔
سرکاری نوکریاں روزگار دینے کا ذریعہ نہیں بلکہ لائق اور ذہین افراد کو نظام کا حصہ بنانے کے لیے ہیں، اس لئے تقرریاں سو فیصد میرٹ پر ہونی چاہئیں۔
گورنمنٹ ڈگری کالج چکار میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ 372 لیکچرار کی آسامیوں کے لیے 20 ہزار 600 امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں، جن میں پی ایچ ڈی اور ایم فل شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں؛ جتھے کوخطے کا آئینی ڈھانچہ تباہ کرنے کی اجازت نہیں دینگے، راجہ فاروق حیدر
وزیر تعلیم سے کہا ہے کہ اس عمل میں کسی قسم کی ڈنڈی نہ ماری جائے، ہمارا تعلیمی نظام ناکام ہوچکا ہے، اگر اس میں جدت اور اہل افراد کو آگے نہ لایا گیا تو ہم بہت پیچھے رہ جائیں گے۔
والدین اپنی کمائی اولاد کی تعلیم پر لگاتے ہیں، لہٰذا تعلیم ایسی ہونی چاہیے جس کے عملی فوائد مل سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم فاروق حیدر نے کوٹہ سسٹم خاتمے کے عدالتی فیصلے کو تاریخی قرار دیا
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آزادکشمیر میں مستقل پالیسی نہیں رہی، ہر حکومت پچھلی حکومت کی پالیسی مسترد کرتی آئی ہے۔ تعلیم، ترقی اور روزگار کے لیے طویل المدتی پالیسی ناگزیر ہے۔ ہم نے 2016 سے 2021 تک گڈ گورننس اور ترقی کے لیے جامع پالیسی اپنائی لیکن بعد کی حکومتوں نے پس پشت ڈال دی۔