پاکستان میں 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب چاند گرہن دیکھا جاسکے گا، محکمہ موسمیات

کراچی(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان میں رواں سال کے دوسرے مکمل چاند گرہن کا نظارہ 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب میں دیکھا جاسکے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال کا دوسرا مکمل چاند گرہن 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب ہوگا جس کا مشاہدہ پاکستان کے علاوہ یورپ، ایشیا، آسٹریلیا، افریقا، شمالی اورجنوبی امریکا میں کیا جا سکے گا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پاکستانی وقت کے مطابق 7 ستمبر کی رات 8 بجکر 28 منٹ پر چاند کی روشنی مدہم ہونے لگے گی، چاند کو جزوی گرہن لگنے کا آغاز 9 بجکر 27 منٹ پر ہوگا اور چاند کو مکمل گرہن کا آغاز 10 بجکر 31 منٹ پر ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چاند گرہن 11 بجکر 12 منٹ پر اپنے عروج پر ہوگا، مکمل چاند گرہن کا اختتام 11 بجکر 53 منٹ پر ہوگا، جزوی چاندگرہن کا اختتام 12 بجکر 57 منٹ پر ہوگا اور رات ایک بج کر 55 منٹ پرچاند گرہن مکمل اختتام کو پہنچ جائے گا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 21 اور 22 ستمبر کو رواں سال کا دوسرا اور آخری جزوی سورج گرہن ہوگا، سورج گرہن آسٹریلیا کے جنوبی حصے بحرالکاہل، بحرِاوقیانوس اور انٹارکٹیکامیں دیکھا جا سکے گا تاہم سورج گرہن کا مشاہدہ پاکستان میں نہیں کیا جاسکے گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عوامی ایکشن کمیٹی کے 29 ستمبر کے احتجاج میں جھڑپ کا خدشہ، شہری اپنے بچوں کو احتجاج سے دور رکھیں، چوہدری احسن میر

Scroll to Top