پاک ترک ایئرچیفس کثیرالجہتی جنگی حکمت عملیوں میں تعاون بڑھانے پر متفق

اسلام آباد: ترک ایئر فورس کے کمانڈر جنرل ضیا جمال کادی اوغلو کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد نے بدھ کو پاکستان ایئر فورس کے چیف آف دی ایئر اسٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ایئر ہیڈکوارٹرز پر ترک وفد کا پرتپاک اور دوستانہ استقبال کیا گیا۔

ملاقات میں خطے کے بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول، جاری دفاعی تعاون کی پیشرفت اور جدید جنگی میدانوں میں مشترکہ سرگرمیوں کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ترک کمانڈر کے پہنچنے پر پاک فضائیہ کے اہلکاروں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات پر زور دیاجو مشترکہ مذہبی عقائد، ترجیحات اور اسٹریٹجک ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ترکیہ کا فضائی دفاعی نظام میں سنگ میل،مقامی سطح پر اسٹیل ڈوم تیار کر لیا

انہوں نے کہا کہ ترک کیڈٹس کا پاک فضائیہ اکیڈمی اصغر خان میں تربیت کے لیے پہلا گروپ آنا دونوں ایئر فورسز کے درمیان پائے جانے والے اعتماد اور دیرپا تعلقات کا اہم سنگ میل ہے۔

جنرل ضیا جمال کادی اوغلو نے پاک فضائیہ کی حالیہ بھارت کے ساتھ تنازعے میں شاندار کارکردگی اور قومی خودمختاری کے دفاع کی تعریف کی۔

ترک افواج نے پاکستان ایئر فورس کی عملی حکمت عملی اور تجربات سے استفادے کے لیے دلچسپی ظاہر کی تاکہ اپنے فوجی دستے کی تیاری اور حربی حکمت عملی کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے ایئر فورسز نے مشترکہ تربیت، آپریشنل مشقیں اور کثیرالجہتی جنگی حکمت عملیوں میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں پاک ترک بحری اسپیشل فورسز کی پہلی مشترکہ مشق مکمل

ترک وفد نے نیشنل ایرواسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک اور پاک فضائیہ کی خود انحصاری، جدید ٹیکنالوجی اور فضائی جدت میں حاصل کردہ کامیابیوں کو سراہا۔

پاکستان اور ترکیہ کے فضائیہ کے سربراہان نے باہمی تجربات سے استفادہ کرنے اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس دورے نے دونوں برادرانہ ممالک کی مشترکہ دفاعی وابستگی اور اسٹریٹجک تعلقات کو فروغ دینے کا پیغام دیا۔

Scroll to Top