میرپور : کمشنر ان لینڈ ریونیو (ساوتھ زون)سید انصر علی کا اہم اقدام،ٹیکس محصولات بالخصوص ودہولڈنگ ٹیکسزکو محفوظ، شفاف اور موثر بنانے کیلئے خصوصی ٹاسک فورس قائم کردی ۔
ٹاسک فورس انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 236H کے تحت جمع ہونے والے ٹیکسز کا مستقل جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ اس کی کڑی نگرانی بھی کرے گی۔
کمشنر ان لینڈ ریوینیو (ساؤتھ زون) کے ترجمان کے مطابق ٹاسک فورس کو براہ راست کمشنر ان لینڈ ریونیو ساوتھ زون کی سربراہی میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہونگی۔
ٹاسک فورس کی قیادت راجہ محمد بابر خان اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریوینیو کے سپرد کی گئی ہے جبکہ اس میں انسپکٹرزان لینڈ ریونیو اور دیگر سپورٹ سٹاف بھی شامل کیا گیا ہے ۔
مذکورہ ٹاسک فورس ضلع میرپور، بھمبر اور کوٹلی میں دی گئی ذمہ داریوں کے تحت اپنے فرائض انجام دے گی اور ہر ضلع کی علیحدہ رپورٹ مرتب کر کے کمشنر آفس کو ارسال کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایک لاکھ20ہزار ٹیکس دہندگان کا بی آئی ایس پی سے مستفید ہونیکا انکشاف
ٹاسک فورس ٹیکس وصولیوں کی موثر نگرانی ، دستاویزی شواہد کا جائزہ اور ٹیکس دہندگان کی جانب سے دیے گئے اعداد و شمار کی جانچ پڑتال، سیکشن 236H کے تحت وصول ہونے والے ٹیکسز کی چھان بین کریگی۔
ممکنہ ٹیکس چوری یا غلط بیانی کی نشاندہی اور فوری ایکشن، مانیٹرنگ رپورٹس کی تیاری اور کمشنر آفس کو باقاعدہ رپورٹنگ، کاروباری طبقے میں آگاہی تاکہ ٹیکس کی ادائیگی کے نظام میں آسانی اور شفافیت آ سکے اور ڈیجیٹل ٹولز اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مسلسل نگرانی کا نظام قائم کرنا ٹاسک فورس کے اہم مقاصد میں شامل ہیں۔
کمشنر ان لینڈ ریوینیو (ساؤتھ زون) نے اضافی ہدایات بھی جاری کیں کہ ٹاسک فورس کے اراکین باقاعدہ فیلڈ وزٹس کریں گے اور بزنس کمیونٹیز سے رابطے کے ذریعے ود ہولڈنگ ٹیکس ایجنٹس کی بابت انفارمیشن بھی مرتب کریں۔
ترجمان نے کہا کہ ٹاسک فورس کا قیام ریاستی معیشت کو مستحکم بنانے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔
عوام اور کاروباری طبقے سے بھرپور تعاون کی اپیل کی گئی ہے تاکہ ملک کے محصولات میں اضافہ اور شفاف نظام کو یقینی بنایا جاسکے ۔




