ضلع پونچھ

ضلع پونچھ بھر میں داخلی و خارجی راستے بند، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل) ضلع پونچھ کے تمام داخلی و خارجی راستے سکیورٹی وجوہات کی بناء پر مکمل طور پر بند کر دئیے گئے ہیں  جس کے نتیجے میں ٹریفک معطل اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ضلع پونچھ میں داخلے اور باہر نکلنے والے تمام اہم روٹس مختلف مقامات سے بند کیے گئے ہیں ۔ تتہ پانی سے ہجیرہ جانے والے راستے بوکڑہ بل بازار منڈھول اور درہ شیرخان بٹل روڈ سہر مدارپور کراس سے بند کر د ئیے گئے ہیں ۔

اسی طرح عباسپور سے ہجیرہ جانے والا راستہ کالج چوک ہجیرہ سے مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے ۔ تراڑکھل سے راولاکوٹ آنے والے دونوں راستے بھی بند ہیں ، ایک ایم پی چیک پوسٹ اکھوڑبن ہائی سکول کے قریب جبکہ دوسرا بنجوسہ کھا ئی گلہ چوک سے بند کیا گیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں:یاسین ملک سمیت کشمیری اسیران کی رہائی کیلئے5ستمبر کو ہڑتال ،مظاہروں کا اعلان

اس کے علاوہ راولپنڈی، راولاکوٹ اور باغ کو ملانے والی مرکزی شاہراہ بھی ٹی چوک تھلہ سے بند کر دی گئی ہے ۔ راولاکوٹ سے راولپنڈی جانے والے دونوں راستے ، ایک ٹائیں ڈھلکوٹ مجاہد آباد کے قریب اور دوسرا شاہراہ غازی ملت افسر مارکیٹ پر بند کیا گیا ہے ۔

تمام انٹری پوائنٹس کی بندش کے باعث تمام آمد و رفت معطل ہوکر رہ گئی ہے اور شہریوں کو اشیائے ضروریہ کی ترسیل سمیت روزمرہ کے معاملات میں شدید مشکلات پیش آر رہی ہیں ۔

گزشتہ روز طلباء اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کر رہے تھے، جس کے دوران پولیس نے مبینہ طور پر لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کیا تھا ۔ اس واقعے کے خلاف عوامی ردِعمل میں پورے ضلع میں شٹر ڈاؤن کی کال دی تھی، جس پر مکمل عمل درآمد کیا گیا۔

Scroll to Top