جہلم ویلی: وادی لیپہ میں عوام کو معیاری موبائل فون وانٹرنیٹ سروس فراہمی کیلئے ایس سی او نے اہم منصوبوں کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر آفس جہلم ویلی میں منعقدہ اجلاس میں سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی اور ایس سی او نیٹ ورک کی سروس ڈلیوری خصوصاً سب ڈویژن لیپہ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔
سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے ذمہ داران نے ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ این جی ایم ایس فیز 4 منصوبہ تکمیلی مراحل میں داخل ہو چکا ہے جس کے تحت وادی لیپہ میں نیٹ ورک کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات کئے جائیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2 نئے فور جی ٹاورز نصب کیے جائیں گے، ایک کیانی ریج پر اور دوسرا بجلدار میں جبکہ موجی ٹاور کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ناقص انٹرنیٹ سروس،عوام کا موبائل کمپنی کے ٹاورکا گھیر او، تحریک چلانے کا اعلان
موجی ٹاور دسمبر 2025 تک اپ گریڈ کر دیا جائے گا، جس سے چک مقام اور بنہ مولا کے علاقوں میں سروس بہتر ہوگی۔
بجلدار ٹاور کا سول ورک ستمبر 2025 کے آخر تک شروع ہو گا اور دسمبر 2025 میں مکمل ہو کر فعال کر دیا جائے گا، جس سے بجلدار، انٹلیاں، لیپہ بازار اور گردونواح میں بہترین سہولیات دستیاب ہوں گی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کیانی ریج پر فور جی ٹاور مارچ 2026 تک نصب کیا جائے گا اور جون 2026 میں فعال ہو جائے گا، جس سے نوکوٹ، کلی منڈل، منڈا کلی اور چننیان بازار کے علاقے جدید سہولیات سے مستفید ہوں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اس پورے عمل کی تکمیل سے وادی لیپہ میں 90 فیصد تک سروس ڈلیوری میں نمایاں بہتری آئے گی۔
یہ پیش رفت وادی لیپہ کے عوام کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے جو طویل عرصے سے جدید اور معیاری مواصلاتی سہولیات کے منتظر تھے۔




