مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم یوتھ لون سکیم ،بلاسود قرضوں کیلئے آزادکشمیر بینک اور سمال انڈسٹریز کے مابین معاہدہ طے پاگیا
مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم یوتھ لون اسکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے AJ&K بینک اور سمال انڈسٹریز کارپوریشنز کے مابین MOU پر دستخط ہو گئے۔
ایک ارب روپے کے اس انقلابی منصوبے کے تحت آزاد کشمیر کے نوجوانوں کا با اختیار بنانے کے لیے 5 سے 20 لاکھ تک کے بلاسود قرضہ جات دیے جائیں گے۔
خصوصی طور پر خواتین اور ٹرانس جینڈرز کو بھی اس سکیم کے تحت قرضے دیے جائیں گے۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وزیر سمال انڈسٹریز محترمہ تقدیس گلانی، اور AJ&K بینک کے چئیرمین و وزیر خزانہ عبدالماجد ماجد خان ، سیکرٹری خزانہ اسلام زيب، سیکرٹری انڈسٹریز چوہدری عبدالرحمان، صدر/سی ای او بینک شاہد شہزاد میر، منیجنگ ڈائریکٹر اسمال انڈسٹریز محمد زیشان عارف، ڈائریکٹر اسمال انڈسٹریز عبدالخالق عباسی، ڈی ایچ سی ایم ڈی محمد امتیاز شاہین و دیگر نے شرکت کی۔
یہ منصوبہ نوجوانوں کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کی ایک بڑی کوشش ہے، جس کے لیے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق اور وزیر برائے سمال انڈسٹریز محترمہ تقدیس گیلانی کی ذاتی دلچسپی اور کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
اس اسکیم کے تحت نوجوانوں کو پانچ لاکھ سے بیس لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کیے جائیں گے، جن میں پانچ لاکھ روپے تک قرض صرف پانچ ضامنوں پر دستیاب ہوگا۔
اس کے علاوہ اس سکیم میں 48 فیصد کوٹہ خواتین کے لیے مختص کیا گیا ہے، جب کہ پہلی مرتبہ ٹرانس جینڈر افراد کو بھی باعزت روزگار کے لیے قرضوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ قرضے نئے اور اسٹارٹ اپ کاروبارکیلئے دیئے جائیں گے۔اس سکیم کا بنیادی مقصد خطے کے نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کرکے ان میں کاروباری صلاحیتیں اجاگر کرنا، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا، غربت میں کمی لانا، اور نجی شعبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
اس سکیم کے تحت دونوں ادارے آزاد کشمیر کے تمام دس اضلاع میں نوجوانوں کو چھوٹے کاروبار قائم کرنے اور انہیں فروغ دینے میں معاونت کریں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزراء حکومت نے کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔ حکومت کی خواہش ہے کہ نوجوانوں کو با اختیار بنایا جائے تاکہ وہ اپنی سطح پر روزگار کے مواقع پر پیدا کر سکیں۔
اس موقع پر بینک کے صدر نے کہا کہ بینک کی پوری ٹیم اس سکیم کو کامیاب بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم نوجوان کاروباریوں کو نہ صرف مالی بلکہ تکنیکی معاونت بھی فراہم کریں گے۔ اس سکیم سے آزاد کشمیر کے ہزاروں نوجوانوں کے لئےمستقبل میں روشنی کی نئی کرن دیکھی جا رہی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں مقیم افغان شہری ہائیکورٹ پہنچ گئے، رٹ پٹیشن دائر




