جہلم ویلی، شاریاں میں اراضی تنازع پر تیار قبر میں تدفین نہ ہونے دی گئی

ہٹیاں بالا : جہلم ویلی کے علاقے شاریاں میں بزرگ شہری قاضی عبدالجلیل کی وفات کے بعد تدفین کے موقع پر قاضی اور راجگان برادری کے درمیان شدید تنازع کھڑا ہوگیا۔

متوفی کی تدفین کے لیے قدیمی قبرستان میں قبر کھودنے پر راجگان برادری نے زمین کی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہوئے قاضی برادری کو روک دیا، جس کے بعد دونوں گروپوں میں تلخ کلامی اور توں تکرار شروع ہوگئی۔

قاضی برادری نے واقعے کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے میت کو لمنیاں ،ریشیاں روڈ پر رکھ کر دھرنا دے دیا، جس سے ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی اور علاقے میں کشیدگی کی فضا قائم ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی میں غیرت کے نام پر خاتون قتل ، عدالت کا قبرکشائی کا حکم

احتجاج کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی نے نوٹس لیتے ہوئے تحصیلدار ممتاز احمد عباسی، نائب تحصیلدار ایاز چغتائی اور پولیس نفری کو موقع پر بھیجا۔

انتظامیہ اور پولیس نے مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کئے جس کے بعد سڑک ٹریفک کے لیے بحال کردی گئی۔ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی نگرانی میں قبرستان میں قبر کھدائی عمل میں لائی گئی اور میت کی تدفین ممکن ہوسکی۔

حکام نے قاضی برادری کو یقین دہانی کرائی کہ قبرستان کی ملکیتی تنازع کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

Scroll to Top