اسلام آباد:ایتھوپیا کی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل یلما مرداسا نے ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
لیفٹیننٹ جنرل یلما مرداسا کی آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
دونوں سربراہان کی ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں فضائی افواج کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آذربائیجان کا ملٹی ڈومین وارفیئرحکمت عملی میں پاک فضائیہ سے سیکھنے کاخواہش کا اظہار
ایتھوپین فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے تجربات سے استفادہ کرنے، تکنیکی تعاون اور مقامی سطح پر ایوی ایشن ترقی کے امکانات پر دلچسپی ظاہر کی۔
ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مشترکہ تربیتی منصوبوں کے ذریعے دونوں فضائی افواج کے درمیان عسکری شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے ایتھوپین ائیر فورس کو پیشہ ورانہ ترقی میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ پاکستان ایتھوپین فضائیہ کی استعدارکار بڑھانے کے ساتھ ساتھ جدید تربیت اور آپریشنل شعبوں میں اس کی ہر ممکن مدد کے لیے پُرعزم ہے۔
ایتھوپین فضائیہ کے سربراہ نے پرتپاک استقبال پر ائیر چیف کا شکریہ ادا کیا۔




