اساتذہ کےسکیل اپ گریڈیشن کا وعدہ جلد پورا کرینگے، وزیراعظم انوارالحق

اسلام آباد: وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق سے مرکزی صدرآزادکشمیر سکول ٹیچرزآرگنائزیشن محمد تاصف شاہین نے وفدکے ہمراہ کشمیر ہائوس اسلام آباد میں 2 گھنٹے سے زائد ملاقات کی۔

تفصیلاے کے مطابق مرکزی صدر آزادکشمیر سکول ٹیچرزآرگنائزیشن محمد تاسف شاہین نے وزیراعظم کو اساتذہ کے مسائل اور ان میں پائی جانے والی بے چینی سے تفصیلاً آگاہ کیااور سکیل اپ گریڈیشن پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔

وفد نے محکمہ تعلیم میں اصلاحات اور اساتذہ کے مسائل حل کرنے پر وزیراعظم کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کی حکمت عملی کامیاب، اساتذہ تقسیم،دھرنا جلسہ پر ہی ختم ہوگیا

وزیراعظم نے وفد کو یقین دلایا کہ انہوں نے گزشتہ سال اسمبلی فلور اور بعد ازاں عوامی اجتماع تراڑ کھل میں اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا اعلان کر دیا تھا اور اپنی زبان سے نکلے ہوئے الفاظ کی حرمت کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپ گریڈیشن کے لیے رقم مختص کی اور اب تعلیمی پیکیج کے ساتھ بشمول ریشنلائزیشن عملدرآمد کا خواہاں ہوں۔ بہت جلد تعلیمی پیکج کے ساتھ اساتذہ کی سکیل اپ گریڈیشن کا یہ دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہو گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ محکمہ کو اساتذہ کے زیر التوا جملہ کیڈرز کے سلیکشن بورڈز، ٹائم سکیل، سنیارٹی و پروموشن پر ہدایات قبل ازیں کام ہوا ہے اور آئندہ بھی اساتذہ کے جائز مسائل کو اولین ترجیح میں حل کیا جائے گا ۔

یہ بھی پڑھیں: اساتذہ کی اپگریڈیشن جلد مکمل کی جائے : وزیراعظم آزادکشمیر کی متعلقہ حکام کو ہدایت جاری

اساتذہ اپنے فرائض کی کماحقہ ادئیگی پر بھرپور توجہ دیں ان کے جملہ حقوق کی محافظ یہ حکومت ہے۔

صدر سکول ٹیچرز آرگنائزیشن نے تعلیمی اصلاحات اور پیکج پر اساتذہ کے نمائندگان کو آن بورڈ لینے پر وزیراعظم کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم کو یقین دلایا کہ اساتذہ اپنی محنت و لگن سے مستقبل قریب میں سرکاری تعلیمی اداروں پر عوامی اعتماد کو بحال کرنے کا عزم کرتے ہیں۔

Scroll to Top