واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کروانے کا ذکر کردیا۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ایسی کئی جنگیں رکوائیں جنہیں رکوانے کے بارے میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایسی ہی ایک جنگ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی جنگ تھی جو ایٹمی جنگ میں بدل سکتی تھی۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ اس جنگ میں 7 طیارے تباہ ہوچکے تھے اور جنگ بڑھتی جارہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں امریکی ٹیرف کیخلاف ٹرمپ کا پتلا اٹھا کرانوکھا احتجاج
ٹرمپ نے دہرایا کہ انہوں نے تجارت کا استعمال کرتے ہوئے اس جنگ کو رکوایا، انہوں نے جنگ نہ روکنے کی صورت میں تجارت نہ کرنے کی دھمکی دی جس کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر جنگ ختم ہوگئی۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اب تک 30 سے زائد مرتبہ پاک بھارت جنگ ختم کرانے کریڈٹ لے چکے ہیں، ماضی میں ٹرمپ اس جنگ میں گرنے والے طیاروں کی تعداد 5 اور پھر 6 بھی بتا چکے ہیں۔