بھارت کی آبی جارحیت،دریائے ستلج میں پانی چھوڑ دیا، پانی کی سطح بلند

لاہور(کشمیر ڈیجیٹل)بھارت کی ایک بار پھر آبی جارحیت سامنے آگئی ، مودی سرکار نے دریائے ستلج میں پانی چھوڑدیا جس کے بعد پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے لگی جس سے شدید سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے ترجمان کے مطابق گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 95 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے اور ضلعی انتظامیہ و ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ قصور میں متاثرہ دیہات کے مکینوں کی مدد کے لیے 17 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں جہاں ادویات، اینٹی سنیک ویکسین، پینے کا صاف پانی اور کھانے پینے کی اشیاء دستیاب ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ممکنہ انخلاء کے لیے 298 گاڑیاں، 13 او بی ایم کشتیاں، 16 لائف رنگز، 210 لائف جیکٹس اور دیگر ریسکیو سامان بھی تیار رکھا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید وضاحت کی کہ دریائے ستلج میں 80 ہزار کیوسک تک پانی آنے سے نچلے درجے کا، 1 لاکھ 20 ہزار کیوسک تک درمیانے درجے کا جبکہ 1 لاکھ 75 ہزار کیوسک سے زائد آنے پر اونچے درجے کا سیلاب آسکتا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق دریائے ستلج میں بڑھتے ریلے کے باعث منچن آباد میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ کیوسک تک پہنچ رہا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈمارشل سید عاصم منیر نے آزادکشمیر کے سیلاب متاثرین کیلئے بڑااقدام اٹھا لیا

Scroll to Top