اوورسیز کشمیری وزیرحکومت اظہر صادق کی چیرہ دستیوں کیخلاف میدان میں آگئے

میرپور (کشمیر ڈیجیٹل )تارکینِ وطن برطانوی راہنما قربان حسین اور ان کے بیٹے محمد رزاق سورکھی ڈڈیال نے کشمیر پریس کلب میرپور میں ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران وزیرحکومت چوہدری اظہر صادق اور ان کے حواریوں کی جانب سے ہونیوالی مبینہ ناانصافیوں کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور حکومتِ آزاد کشمیر سمیت اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

قربان حسین اور محمد رزاق نے کہا کہ اوورسیز کشمیری دیارِ غیر میں دن رات محنت کر کے اپنے وطن اور قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر رہے ہیں،۔

لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ وطن واپسی پر ہمیں انصاف فراہم کرنے کے بجائے ظلم، دباؤ اور ناانصافیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انھوں نے الزام عائد کیا کہ مقامی وزیر اظہر صادق اور ان کی ٹیم نے عدالتی فیصلوں کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے زبردستی ہماری ملکیتی زمین پر قبضہ کیا اور دیواریں گرا کر سڑک نکال دی۔

یہ سراسر غنڈہ گردی اور قانون کی خلاف ورزی ہے،” ان کا کہنا تھا۔کہ سول کورٹ، ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ تک تمام فیصلے ہمارے حق میں آ چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود محکمہ شاہرات اور ضلعی انتظامیہ نے وزیر کے دباؤ پر عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا۔

تھانہ ڈڈیال بھی وزیر کی مٹھی میں ہے، ہماری درخواستوں پر کوئی کارروائی نہیں ہوتی،”قربان حسین اور محمد رزاق نے الزام لگایا کہ بیرونِ ملک مقیم عباس عارف ان کے خلاف فنڈنگ کر رہا ہے جبکہ محمد سعید اور محمود وغیرہ مقامی سطح پر ان کے خلاف کاروائیاں کروا رہے ہیں۔

ڈڈیال تحصیل کے کئی منصوبے رکے ہوئے ہیں لیکن ہماری زمین پر فوراً سڑک ڈال دی گئی جس سے ہمیں بھاری نقصان ہوا،۔

انھوں نے بتایا کہ معاملہ کمشنر میرپور کے نوٹس میں بھی لایا گیا لیکن شنوائی نہ ہونے پر ہم اب مجبوراً اعلیٰ حکام اور میڈیا کے ذریعے اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔

برطانیہ سے آئے ان کشمیری رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر انھیں فوری انصاف فراہم نہ کیا گیا تو وہ نہ صرف پاکستان اور آزاد کشمیر بلکہ برطانیہ سمیت دنیا بھر میں احتجاجی تحریک چلائیں گے تاکہ اوورسیز کشمیریوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو بے نقاب کیا جا سکے۔

آخر میں قربان حسین اور محمد رزاق نے چیف آف آرمی اسٹاف، وزیر اعظم آزاد کشمیر اور چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا کہ اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ اوورسیز کشمیریوں کے دلوں میں منفی تاثر پیدا نہ ہو۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ملائیشیا : نماز جمعہ نہ پڑھنے والوں کو قید اور بھاری جرمانے کی سزا دینے کا فیصلہ

Scroll to Top